سرینگر// انتظامیہ نے جنوبی ضلع اننت ناگ میں ڈیوٹی سے غیر حاضر32ملازمین کی ایک دن کی تنخواہ میں کٹوتی کا حکم دیا ہے جبکہ کشتواڑ میں ڈیوٹی سے غیرحاضر21ملازمین کے نام وجہ بتائو نوٹس جاری کردی گئی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر پیوش سنگلا نے ہفتہ کو ضلع میں غیر حاضر پائے گئے 32ملازمین کی ایک دن کی تنخواہ کاٹنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔انہوں نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر غلام حسن شیخ کے ساتھ دیگر افسران کی حاضری چیک کرنے کیلئے مختلف دفاتر میں اچانک معائنہ کیا۔اس دوران32ملازمین کو غیر حاضر پایا گیا اورانکی ایک دن کی تنخواہ میں کٹوتی کے علاوہ غیر حاضر ملازمین کے خلاف تادیبی کارروائی شروع کر دی ہے۔ادھر جموں کے ضلع کشتواڑ میں ڈیوٹی کے اوقات میں غیر حاضر رہنے پر21 ملازمین کے نام وجہ بتائونوٹس جاری کی گئی ہے۔ حکام نے پہاڑی ضلع کشتواڑ میں سرکاری دفاتر کے اچانک دورے کے دوران 21 ملازمین کوڈیوٹی سے غیر حاضر پایا۔حکام نے بتایا کہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنرکشتواڑشام لال نے مختلف سرکاری دفاترکادورہ کرکے وہاں ملازمین کی حاضری چیک کی ،اوراس دوران21 ملازمین چھٹی لئے بغیر غیر حاضر پائے گئے، جبکہ ڈسٹرکٹ ڈرگ کنٹرول آفس کو دورے کے دوران بند پایا گیا۔حکام نے بتایا کہ نتیجہ کے طور پر، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنرکشتواڑنے ان 21 ملازمین کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا اور ان کی تنخواہیں روکنے کا حکم دیا۔انہوں نے متعلقہ افسران کو حکم دیا کہ وہ 3 دن کے اندر غیر حاضرین سے وضاحت طلب کریں اور ان کے خلاف آئندہ کارروائی شروع کی جائے۔
اننت ناگ اور کشتواڑ میں 53ملازمین غیر حاضر، تادیبی کارروائی شروع
