انفراسٹریکچر ڈیولپمنٹ کے مشیر اور صوبائی کمشنر جموںگورنر سے ملاقی

سرینگر//ریاستی حکومت کے انفرا سٹریکچر کے مشیر پردیپ سنگھ نے کل راج بھون میں انٹرنیشنل کونسل آف مومنٹس اینڈ سائٹس کی وائس پرزیڈنٹ گرمیت رائے،نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کی مشیر سشما اینگر، ٹیکسٹائل ماہر درگا ونکٹا سوامی ،ایڈوکیٹ طفیل میر ، سماجی کارکن ارم مرزا اور آرکیٹکٹ وریندر وکھلو کے ہمراہ گورنر این این ووہر کے ساتھ ملاقات کی۔پردیپ سنگھ اور اُن کی ٹیم کے ممبران نے ریاست میں انفراسٹریکچر ڈیولپمنٹ اور مرکزی معاونت فلیگ شپ سکیموں کی عمل آوری کے علاوہ دیگر کئی معاملات میں درپیش چیلنجوں کے بارے میں گورنر کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔گورنر نے انفرا سٹریکچرکی منصوبہ بندی اور طرزتعمیرمیںمقامی تہذیب و تمدن اور جغرافیائی ہیئت کو مد نظر رکھنے کی تلقین کی۔ادھرجموں کے صوبائی کمشنر ڈاکٹر ایم کے بھنڈاری نے گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی ۔ڈاکٹر بھنڈاری نے گورنر این این ووہرا ، جوکہ شری امرناتھ جی شرائین بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں کو امرناتھ یاترا 2017ءکے سلسلے میں جموں میں کئے گئے انتظامات کے بارے میں جانکاری دی۔انہوںنے جموںمیں اس ہفتے کے آغاز میں یاتراکے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے بلائی گئی میٹنگ کے بارے میں بھی تفصیلات دیں۔صوبائی کمشنر نے حد متارکہ اور سرحد پار کی شلنگ سے سرحدی علاقوں کے متاثرہ لوگوں کو راحت پہنچانے کے لئے صوبائی انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بھی بتایا۔گورنر نے صوبائی کمشنر سے تلقین کی کہ وہ یاتریوں کو لکھنپور سے بانہال تک ہر طرح کی سہولیت فراہم کرنے اور ایل او سی پار کی فائرنگ سے متاثرہ لوگوں کو ہر طرح کی امداد فراہم کرنے کو یقینی بنائیں۔ڈاکٹر بھنڈاری نے بعد میں شری امرناتھ جی شرائین بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر امنگ نرولہ کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران یاترا 2017ءکے انتظامات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔