انسانی حقوق کونسل کا نمائندہ مقرر کیا جائے

 سرینگر// حریت (ع)نے کشمیر میں فورسز کے ہاتھوں جاری تشدد ، قتل اور انسانی حقوق کی بے پناہ پامالیوں کا جائزہ لینے کیلئے اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کے خاص نمائندے کی تقرری کا مطالبہ کیا ہے ۔ یہ مطالبہ حریت کانفرنس کنوینیر برائے آزاد کشمیر چیپٹر سید فیض نقشبندی نے اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کے37 ویں اجلاس جو فی الوقت جنیوا میں جاری ہے کے حاشیہ پر منعقد ایک میٹنگ سے خطاب کرنے کے دوران کیا ۔ میٹنگ کشمیر میں ہندوستانی فورسز کے ہاتھوں ہورہی انسانی حقوق کی بے پناہ پامالیوں کی توجہ بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی برادری کی طرف مبذول کرانے کیلئے منعقد کی گئی تھی۔ میٹنگ کو اس وجہ سے خاص اہمیت حاصل ہوئی کیونکہ اس میں انسانی حقوق کونسل کے ہائی کمشنر زیدراد الحسین بذات خود شریک ہوئے اس کے علاوہ دنیا بھر کی انسانی حقوق کی تنظیموں اور سیول سوسائیٹی کے تقریباً 500 نمائندوں نے شرکت کی ۔