سرینگر // کانگریس لیڈر سیف الدین سوز نے کہا کہ یہ بات کسی طرح بھی خوش آئند نہیں ہے کہ سابق صدر ریاست ڈاکٹر کرن سنگھ یونین ٹریٹری کے بجائے جموںوکشمیر ریاست کا درجہ بحال کرنے کی فکر کر رہا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ لوگ جموںوکشمیر کی اندرونی خود مختاری کی بحالی کا پر زور مطالبہ کر رہے ہیں۔اپنے ایک بیان میں سوز نے کہا کہ ’’ ڈاکٹر کرن سنگھ کا یونین ٹریٹری کے بجائے جموںوکشمیر ریاست کا درجہ بحال کرنا صحیح مطالبہ نہیں ہے کیونکہ ریاست کے لوگ دراصل ریاست کی اندرونی خود مختاری کی بحالی کا مطالبہ کررہے ہیں، جو آئین کی دفعہ 370 میں محفوظ تھا۔حقیقت میں ریاست کے لوگ اُسی جدوجہد میں مصروف ہیں !اگر مرکزی سرکار کو یونین ٹریٹری کا درجہ پسند آتا ہے تو کچھ دیر وہ اپنی تنگ نظری میں آوارہ رہیں۔ انہوں نے کہا ’’مجھے پورا یقین ہے کہ ایک دن مرکزی حکومت اس مطالبے کی اہمیت سمجھے گی اور یہ درجہ بحال کرنے کے لئے مجبور ہوگی۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے ریاست جموںوکشمیر کی اندرونی خود مختاری کو یک طرفہ طور ختم کر کے ایک بہت بڑی غلطی کا ارتکاب کیا ہے اور ریاست کے لوگ جمہوری اور آئینی طریقے سے اندرونی خود مختاری کو بحال کریںگے۔