یو این آئی
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کو ان کی 106 ویں یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس’ پر سابق وزیر اعظم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مودی نے کہا’’ہندستان کی سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کو ان کی یوم پیدائش پر خراج عقیدت‘‘۔ ہندوستان کی پہلی اور اب تک کی واحد خاتون وزیر اعظم گاندھی 19 نومبر 1917 کو پیدا ہوئی تھیں۔ وہ انڈین نیشنل کانگریس کی رہنما کے طور پر ہندوستانی سیاست میں ایک اہم شخصیت تھیں۔اس دوران کانگریس صدر ملک ارجن کھڑگے، سابق صدر سونیا گاندھی اور راہل گاندھی نے اتوار کی صبح سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کو ان کے 106 ویں یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا۔ کھڑگے، کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی، راہل گاندھی، کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال اور دیگر قائدین نے سابق وزیر اعظم کی سمادھی شکتی استھل کا دورہ کیا اور پھول چڑھا کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔کانگریس نے اپنے آفیشل پیج پر ٹوئٹ کرکے کہا’’آج پورا ملک ہندوستان کی ‘آئرن لیڈی’ اندرا گاندھی کو یاد کر رہا ہے، جو طاقت، ہمت اور موثر قیادت کی ایک مثال تھیں‘‘۔پارٹی نے سابق وزیر اعظم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کانگریس کے سرکردہ رہنماؤں کا ویڈیو جاری کرکے انہیں سلامی دی۔