عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //دہلی کی ایک عدالت نے بدھ کو لوک سبھا ممبر پارلیمنٹ انجینئر رشید کی باقاعدہ ضمانت کی عرضی پر اپنے حکم کو 11 ستمبر تک ٹال دیا۔ایڈیشنل سیشن جج چندر جیت سنگھ، جو بدھ کو رشید کی ضمانت کی درخواست پر حکم سنانے والے تھے، نے معاملے کو اگلی تاریخ کے لیے ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ آرڈر تیار نہیں ہے۔
عدالت نے 28 اگست کو ان کیمرہ (عوام کے لیے کھلا نہیں)کی سماعت کے دوران درخواست پر دلائل سنے تھے اور اپنا حکم محفوظ کر لیا تھا۔جج نے 20 اگست کو نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی(این آئی اے)کو نوٹس جاری کیا تھا اور اسے ہدایت کی تھی کہ وہ 28 اگست تک رشید کی عرضی پر اپنا جواب داخل کرے۔5 جولائی کو عدالت نے رشید کو لوک سبھا انتخابی مقابلہ میں جیتنے کے بعد عہدے کا حلف اٹھانے کے لیے حراستی پیرول دے دیا تھا۔رشید 2019 سے تہاڑ جیل میں ہے جب اسے NIA نے 2017 کے دہشت گردی کی فنڈنگ کیس میں غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کے تحت گرفتار کیا تھا۔