سرینگر //لیفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے آج انڈین انسٹی چیوٹ آف انجینئروارنسی سینٹر کی جانب سے منعقدہ آن لائن تقریب کی صدارت کی۔ جو معروف انجینئر اور بھارت رتن سر موکشا گندم ویسوارایا کا جنم دن منانے کے سلسلے میں منعقد کی گئی تھی ۔لیفٹینٹ گورنر نے معروف انجینئر اور بھارت رتن سر موکشا گندم ویسوارایا کو خراجِ عقیدت پیش کیا جو ایک عظیم انجینئر تصور کئے جاتے ہیں اور جنہوں نے انجینئرنگ کے میدان میں مثالی خدمات انجام دی ہیں ۔ یاد گاری تقریب میں معروف انجینئران بشمول ایمیریٹس پروفیسر شعبہ انجینئرنگ آئی آئی ٹی وارنسی ایس این اپادھیائے پروفیسر وی کمار ، انجینئر سنتوش موویا ، ڈاکٹر وپن سری واستوا ، معروف انجینئر شری اجھول بینر جی موجود تھے ۔ اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لیفٹینٹ گورنر نے انجینئرنگ شعبے کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ دُنیا کی ترقی میں انجینئروں کا کردار گذشتہ وقتوں سے نمایاں رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو درپیش مسائل کا حل انجینئرنگ برادری کو ڈھونڈنا ہو گا جو کہ وقت کی ایک اہم ضرورت ہے تا کہ بھارت عالمی رہنما اور ایک آتم نربھر ملک کے طور پر آگے آ سکے ۔انہوں نے انجینئرنگ اداروں جیسے آئی آئی ٹی ( وی ایچ یو) کواختراع اور ٹیکنالوجیکل تحقیقی مرکز بنانے پر زور دیا ۔