سرینگر// انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور جعفریہ کونسل کے سرپرست اعلیٰ آغاسید حسن الموسوی الصفوی نے ایران کے پارلیمنٹ اور بانی¿ انقلاب اسلامی ایران حضرت امام خمینیؒ کے مرقد پر حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے مغربی استکبار کے بدترین آلہ کار تکفیری دہشتگرد گروہ کے ایجنڈے کی کڑی قرار دیا۔انہوںنے کہا کہ یہ حملے اس حقیقت کے غماز ہیں کہ انقلاب اسلامی ایران کے مغربی حریف اور خطے کی دیگر قوتیںاسلامی انقلاب ایران کو نقصان پہنچانے کے ہر حربے میں ناکام ہوکر اب دہشگردوں کی خدمات حاصل کرکے اپنے مکروہ عزائم کی تکمیل کا منصوبہ مرتب کرچکے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اس معاملے میں صبر و تحمل اور برد باری کی اپیل کی۔ پیروان ولایت کے سرپرست اعلی مولانا سبط محمد شبیر قمی نے دہشتگردوں کو استکباری اور سامراجی ایجنٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ شیطانی طاقتیں جمہوری اسلامی ایران میں امن و امان کو بگاڑنا چاہتے ہیں کیونکہ اس وقت دنیا بھر کا بچہ بچہ اس بات سے بخوبی واقف ہے کہ امن و امان اور تعمیر و ترقی کے لحاظ سے ایران دنیا بھر کے لئے رول ماڈل ہے ۔مولانا قمی نے کہا دشمن نت نئے حربے ایران کے خلاف استعمال کرکے ایران کو بدنام کرنے کی کوشش کررہا ہے لیکن دشمن کا یہ خواب رہتی دنیا تک خواب ہی رہے گا اور کھبی بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ ایران میں دہشتگردانہ حملہ کرکے ایران اور اسلام دشمن طاقتوں کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے۔
انجمن شرعی شیعیان اورپیروان ولایت کی ایران میں حملوں کی مذمت
