انجمن جعفریہ پونچھ کی جانب سے اجتماعی شادیوں کا اہتمام

پونچھ//انجمن جعفریہ پونچھ اور بیرون ریاست گجرات کی ایک نجی تنظیم کی جانب سے امام بارگاہ پونچھ میں اجتماعی شادیوں کا اہتمام کیا گیاجس میں پونچھ ضلع کے علاوہ ریاست جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع کے کل پندرہ جوڑوں کے نکاح پڑھے گئے۔اس دوران ایک محفل منعقد کی گئی جس میں تلاوت کلام پاک کے بعد مقامی اور غیر مقامی ثناء خواں حضرات نے حمد ونعت ، منقبت و قصیدہ کے نذرانے پیش کئے۔بعد از آں علمائے کرام نے تمام پنددورہ جوڑوں نکاح پڑھ کر ان میں اسناد تقسیم کی جبکہ انتظامیہ کی جانب سے تمام جوڑوں کو تحائف سے بھی نوازا گیا۔ اس دوران انجمن کی جانب سے دعوت ولیمہ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس میں بڑی تعداد میںلوگوں نے شرکت کی ۔اجتماعی شادیوںمیں ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے ور دیگر پولیس افسران نے بھی اور تمام جوڑوں کو مبارک باد پیش کی۔ایس ایس پی پونچھ نے انجمن جعفریہ پونچھ کے اقدام کی سراہنا کی۔ بیرون ریاست سے آئے ہوئے تنظیم کے صدر نے کہاکہ ان کی تنظیم انجمن جعفریہ پونچھ کے اشتراک سے یہاں ہر سال اجتماعی شادیوں کا اہتمام کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد صرف اور صرف معاشرے سے ان فضول رسومات کو ختم کرنا ہے جس کے سبب ہمارے نوجوان شادی بر وقت نہیں کرپاتے۔انجمن جعفریہ کے صدر مقبول احمد قلی نے کہا کہ انجمن جعفریہ کی جانب سے منعقدہ اجتماعی شادیوں میں کسی بھی مسلک کے جوڑے شامل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جوڑے نکاح کے لئے اپنی مر ضی سے علما ء کا انتخاب کر کے اپنے عقیدے کے مطابق نکاح کروا سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس کے لئے خواہش مند حضرات کو انجمن جعفریہ کے پاس تحریری درخواست جمع کروانی ہوگی۔انہوں نے اجتماعی شادیوں میں شامل بیرون ریاست گجرات کے تمام مہمانان اور ایس ایس پی پونچھ ان کی ٹیم اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔