عظمیٰ نیوز سروس
جموں//اِنتظامی کونسل کی ایک میٹنگ لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کی صدارت میں منعقدہوئی جس میں مختلف عوامی مقاصد کے لئے اَراضی منتقلی کی اِنتظامی منظوری دی گئی۔میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا اور لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ کمار بھنڈاری نے شرکت کی۔ان میں اِنڈسٹریل اسٹیٹس ریڈبگ کپواڑہ کے قیام ، منصف کورٹ قاضی گنڈ اننت ناگ،بڈگام کے موچھوا میںپولیس چوکی کا قیام، زینہ پورہ شوپیان میں جواہر نوودیا ودھیالیہ (جے این وی) کا قیام، ضلع سانبہ میں نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) بٹالین ہیڈ کوارٹر کا قیام اور جموں میں اِنڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ، نیشنل اِنسٹی چیوٹ آف وائرولوجی (آئی سی ایم آر – این آئی وی)، نارتھ زون یونٹ کا قیام کے لئے زمین کی منتقلی شامل ہے۔اِنتظامی کونسل نے ریڈبگ کپواڑہ میں اِنڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لئے 85 کنال اراضی محکمہ صنعت و حرفت ( آئی اینڈ سی ) جموںوکشمیر کے حق میں منتقل کرنے کی منظوری دی۔ اِنڈسٹریل اسٹیٹ کو 668.25 لاکھ روپے کی لاگت سے تیار کیا جائے گا اور توقع ہے کہ اس سے ہنر مند اور غیر ہنر مند مزدوروں کے لئے براہِ راست روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے جبکہ مقامی دکانداروں اور نوجوانوں کے لئے بالواسطہ روزگار کے مواقع بھی فراہم ہوں گے۔ایک اور تجویز میں منصف کورٹ کمپلیکس کے قیام کیلئے اننت ناگ کے ونپوہ میں 20 کنال اراضی کی منتقلی کی منظوری دی گئی۔
نیا منصف کورٹ کمپلیکس جوڈیشل اَفسران، مدعی، ایڈووکیٹ اورعام لوگوں کے لئے بہتر سہولیات کو یقینی بنائے گا۔جواہر نوودیا ودیالیہ (جے این وی) کے قیام کے لئے محکمہ سکولی تعلیم کے حق میں زینہ پورہ شوپیان میں واقع 90 کنال اور 10 مرلے کی اراضی کی منتقلی کی بھی منظوری دی گئی۔ جے این وِی کا قیام بچوں کے بہتر مستقبل کے امکانات کے لئے تعلیمی ماحول میں نمایاں بہتری کو یقینی بنائے گا۔اِنتظامی کونسل نے آفات سماوی سے نمٹنے کی تیاریوں کو تقویت دینے کے لئے ضلع سانبہ میں 568 کنال کی سرکاری اراضی نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) ایم ایچ اے حکومت کو بٹالین ہیڈکوارٹر کے قیام کے لئے منتقل کرنے کی منظوری دی۔ جموں و کشمیر میں آفات سماوی کے مختلف خطرات کو دیکھتے ہوئے نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی موجودگی عوامی اور قومی مفادات دونوں کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔ فی الحال، جموں و کشمیر اور لداخ کے لئے نامزد این ڈی آر ایف کی 13 ویں بٹالین پنجاب کے لدھووال سے کام کر رہی ہے جس میں عارضی انتظامات کئے گئے ہیں۔اس کے علاوہ جگتی، نگروٹہ جموں میں واقع 41 کنال اور 4مرلہ اراضی کو اِنڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر)، نیشنل انسٹی چیوٹ آف وائرولوجی، محکمہ صحت تحقیق، وزارت صحت و خاندانی بہبود حکومت پونے، پونے کو آئی سی ایم آر – این آئی وی ، نارتھ زون یونٹ کے قیام کے لئے منتقل کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔جموں میں نیشنل اِنسٹی چیوٹ آف وائرولوجی (این آئی وی) یونٹ کا قیام وبائی امراض اور تشخیصی آلات کا اِستعمال کرتے ہوئے وائرس کی بیماری کے پھیلاؤ سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس کے علاوہ یہ افراد، کمیونٹی، میڈیکل کالجوں اور تحقیقی اداروں کو ریفرل تشخیصی خدمات بھی فراہم کرے گا۔