انتظامیہ کی امن قائم رکھنے کی اپیل

مینڈھر//ڈپٹی کمشنر پونچھ راہل یادو اور ایس ایس پی پونچھ نے مینڈھر کادورہ کرکے صورتحال کاجائزہ لیا۔اس دوران دونوں افسران کی موجودگی میں پولیس تھانہ مینڈھر میں ایک اجلاس منعقد ہواجس میں مقامی معززین کے علاوہ پولیس ، انتظامیہ اور آرمی کے افسران بھی موجودتھے ۔ڈپٹی کمشنر نے یقین دلایاکہ پولیس کی گشت میں اضافہ کیاجائے گا اورضرورت کے مطابق چوکیاں بھی قائم کی جائیں گی۔انہوںنے کہاکہ بہر صورت بھائی چارہ قائم کیاجائے ۔اس دوران مقامی لوگوں نے یقین دلایاکہ ان کی طرف سے ہر ممکن تعاون فراہم کیاجائے گا۔دریں اثناء سابق ممبراسمبلی جاوید احمد رانا اور کانگریس کی خاتون لیڈر پروین سرور خان نے جائے واقعہ کا دورہ کرکے متاثرین کے ساتھ بات چیت کی اور انہیں ہر ممکن مدد کی فراہمی کا یقین دلایا ۔