انتظامیہ کا حکم نامہ عمر رسیدہ افراد کیلئے مصیبت بن گیا  | بزرگوں نے کاغذات کی تکمیل کیلئے رشوت طلب کئے جانے کا الزام عائد کیا

عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// مرکزی اسکیم کے تحت پنشن حاصل کرنے والے عمر رسیدہ افراد کو محکمہ سوشل ویلفیئر کی جانب سے فوری طور کاغذات محکمہ کے پاس جمع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ محکمہ سماجی بہبود جموں و کشمیر انتظامیہ اور مرکزی سرکار کی جانب سے واضح کی گئی مختلف اسکیموں کے تحت مستحق افراد کو پنشن فراہم کی جاتی ہے ۔اس سلسلے میں گزشتہ کئی ہفتوں سے مرکز کی جانب سے دی جانے والی پنشن اسکیموں کیلئے کاغذات کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے جس میں نیشنل اولڈ ایج پنشن اسکیم ،نیشنل ویڈو پنشن سکیم، نیشنل معذوری پنشن اسکیم کیلئے ویری فکیشن عمل میں لائی جا رہی ہے۔ متعلقہ محکمہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مکمل چھان بین کے بعد رکی پڑی پنشن کو جلد سے جلہ واگزار کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ ان اسکیموں کے تحت پنشن لینے والے تمام عمر رسیدہ، بیواؤں اور معذور افراد کو متعلقہ محکمہ میں اندر میعاد ضروری کاغذات جمع کروانے کی تلقین کی گئی ہے۔ بصورت دیگر پنشن بند کردی جائے گی۔ اس سلسلے میں آج تھنہ منڈی میں عمر رسیدہ افراد خاص کر بیواؤں معذوروں کو ضروری کاغذات مکمل کروانے کے لئے تھنہ منڈی میں عمر رسیدہ افراد کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔کچھ معززین نے حکام پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ضروری کاغذات کی تکمیل کے لئے ان سے بہت زیادہ پیسے وصوکئے جاتے ہیں اور کسی بھی حالت میں ان بخشا نہیں جاتا ہے۔ لہذا ان کاغذات کی تکمیل کے لئے ضروری اختیارات تحصیلدار تھنہ منڈی کو دئیے جائیں تاکہ غریب عوام کو کسی بھی طرح کی پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انھوں نے مزید کہا میڈیکل آفیسر کے ایک دستخط کے لئے بھی وہ دھکے کھانے پر مجبور ہیں کیونکہ تھنہ ہسپتال میں صرف ایک ڈاکٹر تعینات ہے جو بمشکل اپنے فرائض انجام دے رہا ہے۔ لوگوں نے ایل جی انتظامیہ سے مزید مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پنچوں اور سرپنچوں کو اختیارات دیئے جائیں تاکہ اس طرح کے ضروری کاغذات کی تکمیل فوری طور پر ممکن ہوسکے اور لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔