انتظامیہ نے ریت بجری مافیاکیخلاف شکنجہ کسا

مینڈھر //ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کی ہدایت پر انتظامیہ نے اب ریت بجری مافیا کیخلاف شکنجہ کسنا شروع کر دیا ہے ۔ڈی سی کی ہدایت پر ایس ڈی ایم مینڈھر اور تحصیلدار مینڈھر نے نائب تحصیلدار مینڈھر کی قیادت میں ایک کمیٹی تشکیل دی تاکہ غیر قانونی طورپر دریائوں سے ریت بجری نکالنے کے عمل پر روک لگائی جاسکے ۔اس سلسلہ میں نائب تحصیلدار کی قیادت میں منتخب ٹیم نے جمو ں و کشمیر پولیس کی ٹیم کے ہمراہ مینڈھر نالے پر جارہی کئی ایک ٹریکٹر سڑکوں کو بند کر دیا ۔نائب تحصیلدار نے بتایا کہ اعلیٰ حکام کے حکم پر نالوں میں جارہی ٹریکٹر سڑکوں کو بند کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ مہم آئندہ بھی جاری رہے گی جس کے تحت مزید ٹریکٹر سڑکوں کو بند کر دیا جائے گا ۔انہوں نے بتایا کہ اب منظوری کے بغیر دریائوں سے بجری اور ریت نکالنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔