سرینگر// انتظامیہ نے مختلف اسامیوں کو پُر کرنے کیلئے کمپیوٹر کی بنیاد پر تحریری امتحانات کیلئے 3افسران کو مبصرین کے طور پر نامزد کیا جبکہ ایک مبصر کا ردو بدل بھی عمل میں لایا گیا۔ جموں کشمیر سروس سلیکشن بورڈ کی جانب سے رواں ماہ20دسمبر سے12جنوری2012 تک مختلف اسامیوں کو پُر کرنے کیلئے کمپیوٹرکی بنیاد پر تحریری امتحانات کی نگرانی کیلئے ضلع صنعتی مرکز جموں کے فنکشنل منیجر پرتیک پنجا ٹیاں، اسپٹلٹی اینڈ پروٹوکول محکمہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سٹورز مدھر آنند اور سی ڈی پی ائو ستواری کو مبصرین کے طور پر نامزد کیا گیا۔ سرکاری حکم نامہ کے مطابق یکم دسمبر کو اس سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن میں جزوی ترمیم کرتے ہوئے کشمیر انتظامی سروس کی جونیئر سکیل افسر اور بلاک ڈیولپمنٹ افسر سرینگر مہناز چستی کی جگہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہینڈ لوم و ہینڈی کرافٹس زاہد رشید بٹ کو مبصر تعینات کیا۔ حکم نامہ کے مطابق جموں کشمیر سروس سلیکشن بورڈ کی جانب سے مبصرین کی دستیاب سے متعلق ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے،ان افسراں کی تعیناتی کی مدت میں 12 جنوری 2021تک توسیع کی جاتی ہے۔