اموہ ویری ناگ سڑک بند | مقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا

اننت ناگ //ویری ناگ سے شاہراہ تک پہنچنے والی سڑک گزشتہ کئی مہینوں سے بند پڑی ہے ،جس کی وجہ سے لوگوںکو مشکلات کا سامنا ہے ۔ویری ناگ سے جواہرٹنل تک پہنچنے کیلئے اموہ راستہ کو کورونا وائرس کے پیش نظر  بند کیاگیا ہے ۔ وادی میں کورونا وائرس کی دستک کے ساتھ ہی انتظامیہ نے ٹول پوسٹ میں اسکرینگ سنٹر قائم کیاتھا،تاہم بیشتر مسافر اسکرینگ عمل سے بچنے کیلئے جواہر ٹنل پار کرتے ہی اموہ راستہ ویری ناگ پہنچنے میں کامیاب رہتے تھے ،جس کے بعد انتظامیہ نے اس سڑک کو مکمل سیل کر دیا ،تاہم اب چونکہ آمدورفت میں آسانی کردی گئی ہے،لہٰذا بند پڑے راستے کو بھی کھولنے کی مانگ کی جارہی ہے ۔لوگوں کا کہنا ہے چونکہ اب حالات کچھ بدل گئے ہیں لہٰذا اس اہم سڑک کو بھی چھوٹی گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے کھول دیاجائے ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑک بند رہنے کی وجہ سے اُنہیں لمبی مسافت طے کر نا پڑتی ہے ۔ساتھ ہی سڑک کے نزدیک آبادی نے بھی سڑک کو فوری طور کھولنے کی مانگ کی ہے ۔