اموات میں کمی لانے وفعال طبی ردِّعمل کی ہدایات

 جموں//نقل و حمل پر عائد پابندیوں میں نرمی اور مائیگرنٹ مزدوروںکی واپسی کے تناظر میں کابینہ سیکریٹری نے ملک کی تمام ریاستوں اور یوٹیز کو کووِڈ بیماری کی اُبھرتی صورتحال پر گہری نگاہ رکھنے اور اِس کی مناسبت سے وبا کی مؤثر روکتھام کے لئے لائحہ عمل مرتب کرنے کے لئے کہا ہے۔چیف سیکریٹری بی وی آر سبھرامنیم نے صحت ، اِطلاعات ، آفاتِ سماوی، امداد ،بازآباد کاری و تعمیر نو محکموں کے اِنتظامی سیکریٹریوں اورناظم قومی صحت مشن کے ساتھ کابینہ سیکریٹری کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے کے دوران ویڈیو کانفرنسنگ میں موجود تھے۔ پابندیوں میں نرمی کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے کابینہ سیکریٹری نے ریاستوں اور یوٹیز کو شرح تصدیق، فعال معاملات کی تعداد اورشرح اموات پر کڑی نگاہ رکھنے پر زور دیا ۔ کابینہ سیکرٹری نے بیماری کی روکتھام کے لئے موثر لائحہ عمل کی ضرورت اورمعقول ٹیسٹنگ سہولیات کی دستیابی پر زور دیا تاکہ کووِڈ معاملات کی بروقت تشخیص سے اس کے پھیلائو پر روک لگائی جاسکے جس کے لئے نگرانی کو فعال بنانے ، رابطوں کی تلاش اور بروقت ٹیسٹنگ سے مزید مستحکم بنایا جاسکتا ہے۔طبی بنیادی ڈھانچے کے ضمن میں کابینہ سیکریٹری نے ریاستوں اور یوٹیز کو بہتر ہسپتال خدمات یقینی بنانے کے لئے کہا اور جس کے لئے انہوں نے ہسپتالوں میں بستروں کی معقول تعداد ، آئیسولیشن سہولیت اور پیشہ ور طبی عملے کی دستیابی کے لئے پیشگی منصوبہ بندی کرنے کے لئے کہا۔اموات میں کمی کے لئے لائحہ عمل کا ذکر کرتے ہوئے کابینہ سیکریٹری نے حساس مریضوں بالخصوص بچوں ، بزرگوں اور دائمی امراض میں مبتلا مریضوں کو فوری ہسپتال بھیجنے پر زور دیا۔اُنہوں نے کہا کہ نگرانی ، ٹیسٹنگ ، علاج و معالجہ کے لئے مریضوں کو بروقت ایمولنس بڑے ہسپتالوں کو بھیجنے کے لئے ضرورت ہے جس کے لئے متعلقہ ایجنسیوں کے درمیان بہتر تال میل لازمی ہے۔اس کے علاوہ نگرانی اور رابطوں کی تلاش کے ایک حصہ کے طور پر آروگیہ سیتو ایپ کے استعمال پر بھی زور دیا گیا۔