جموں //کانگریس سنیئر لیڈر رمن بھلہ نے کہا ہے کہ ملک میں امن و مان قائم رکھنے اور تعمیر و ترقی کے اعتبار سے کانگریس پارٹی کا کوئی بھی متبادل نہیں ہے ۔گنگیال کے وارڈ نمبر 56میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کے دوران رمن بھلہ نے کہاکہ ریاست جموں و کشمیر میں بھاجپا اور پی ڈی پی کی ناکامی کے بعد کانگریس واحد بڑے متبادل کے طور پر سامنے آئی ہے جو کہ عوام کیلئے نیک شگون ثابت ہو سکتا ہے ۔کانگریس لیڈر نے کہاکہ کانگریس پارٹی ریاست کے تینوں خطوں کی یکساں تعمیر و ترقی کی خواہاں ہے ۔کانگریس سنیئر لیڈر نے کہاکہ پی ڈی پی اور بھاجپا کی سابقہ ریاستی مخلوط حکومت پوری طرح سے ناکام رہی جبکہ اقتدار میں آنے کے بعد ان دونوں سیاسی پارٹیوں کی مفاد پرست سیاست پوری طرح سے عیاں ہو ئی ۔انہوں نے کہاکہ ان دونوں پارٹیوں کی ناکامی کی وجہ سے ریاست جموں و کشمیر میں بے روز گار نوجوانوں کے علاوہ عام لوگوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑرہاہے جبکہ صوبہ جموں میں بھاجپا نے پی ڈی پی کو اقتدار سے دور رکھنے کیلئے عوام سے ووٹ حاصل کئے تھے لیکن بعد میں ان دونوں ہی پارٹیوں نے مخلوط حکومت تشکیل دے کر عوامی جذبات کیساتھ کھلواڑ کیا ۔کانگریس کو عوامی پارٹی سے تعبیر کرتے ہوئے پارٹی سنیئر لیڈر نے کہا کہ کانگریس پارٹی سماج کے پسماندہ طبقہ کی فلا ح و بہبود کیلئے کام جاری رکھے گی۔اس موقعہ پر ستیش شرما ،پرتم سنگھ ،وجے دیپ سنگھ ،اشویندر سنگھ ،او پرکاش ،سمر جیت سنگھ ،بلدیو سنگھ ،کلدیپ سنگھ ودیگران بھی موجود تھے ۔
امن و امان اور تعمیر و ترقی میں کانگریس کا کوئی متبادل نہیں :بھلہ
