امن امان کی دعا کے ساتھ عید الفطر اختتام پذیر

حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ سے کے صدرمقام اور دیگر علاقہ جات میں منگل کے روز عیدالفطر کی نماز پرامن ماحول میں ادا کی گئی۔ اس دوران پولیس انتظامیہ کی جانب سے مساجد اور عیدگاہوں پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔مرکزی جامعہ مسجد متصل مرکزیب عیدگاہ پونچھ، مرکزی جامعہ مسجد پونچھ، مرکزی جامعہ مسجد پونچھ، مرکزی جامع مسجد اہل حدیث پونچھ، مرکزی جامع مسجد علی علیہ السلام پونچھ اور دیگر مساجد میں نماز ادا کی۔ نماز کی ادائیگی کے بعد ملک کی سلامتی اور امن وامان کے لئے دعائیں مانگی گئیں۔ نماز ادا کرنے کے بعد ایک دوسرے سے گلے ملے اور عید کی مبارکباد دی۔پونچھ کے صدر مقام پر اپنے روایت کو قائم و دائم رکھتے ہوئے ہندو سکھ عیسائی برادران نے مرکزی عید گاہ پونچھ پہنچ کر مسلمان بھائیوں کو عید کی مبارک باد پیش کی۔ واضح رہے کہ کورونا کے دو سال بعد عید گاہوں اور مساجد میں عید الفطر کی نماز ادا کی گئی۔ اس کی وجہ سے لوگ کافی پرجوش نظر آئے۔ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے اس کے لئے پولیس فورس افسر کے ساتھ صبح سے ہی گشتی گاڑی پر گشت کررہی تھی تمام مساجد اور عیدگاہوں پر پولیس تعینات تھی۔ مولانا ظہور علی نقوی نے بتایا کہ عیدالفطر امیر و غریب کی تفریق مٹانے کا تہوار ہے ، عید صرف ایک تہوار نہیں، حقیقی معنوں میں یہ اپنے آپ کو متوازن کرنے اور معاشرے کو برابری پر لانے کا موقع ہے۔ پورے مہینے روزے رکھنے کے بعد فطرانہ ادا کیا جاتا ہے ایک کے جسم پر نئے کپڑے سجتے ہیں، گھر میں بہترین کھانے اور امیر و غریب کے درمیان خلیج کو ختم کرنے کا موقع ہے۔ اس پر بھی اگر کوئی اختلاف ہے، تو عید سب سے گلے مل کر دوریوں کو دور کرنے کا نام ہے۔