سرینگر//جائیداد کی رجسٹریشن سے متعلق ایک تاریخی فیصلے میں ریاستی کابینہ نے خواتین کے نام پر رجسٹر ہونے والی جائیداد کوسٹیمٹ ڈیوٹی سے مستثنیٰ قرار دیا ہے اور اب کسی بھی کنبے میں خاتون کے نام سے درج ہونے والی جائیداد پر کوئی سٹیمٹ ڈیوٹی عائد نہیں ہوگی ۔جمعہ کو سرینگر میں وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کی صدارت میں منعقد ہونے والی کابینی میٹنگ کے دوران یہ اہم فیصلہ لیا گیا ۔اس فیصلے کی رو سے کسی بھی کنبہ کی خاتون کے نام جائیداد کی رجسٹریشن کے سلسلے میں سٹیمپ ڈیوٹی کومستثنیٰ قرار دیا گیا۔کابینہ نے شہری علاقوں میں رہنے والے کسی بھی شخص ( مرد) کی جائیداد پر5 فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں3 فیصد کے حساب سے سٹیمپ ڈیوٹی کو منظوری دی گئی۔اس دوران کابینہ کی میٹنگ میں سکولی تعلیم محکمہ کی طرف سے موجودہ مالی سال کے دوران 10 ہزار اور اگلے مالی سال کے دوران10 ہزار واچ اینڈ وارڈ سٹاف کی خدمات حاصل کرنے کو منظوری دی گئی ہے۔کابینہ اجلاس میں جموں اینڈ کشمیر پولیس( گزٹیڈ سروس) میںکام کرنے والے افسران کے لئے نان فنکشنل (مونیٹری) سکیم کو منظوری دی۔یہ سکیم یکم جنوری2018 سے نافذ العمل ہوگی۔ساتھ ہی انجنئیرنگ محکموں میں گزٹیڈ سروس کے ملازمین کے لئے ایشورڈ کئیریر پروگریشن سکیم کو منظوری دی گئی۔سکیم کے تحت جے اینڈ کے انجنئیرنگ گزٹیڈ سروسز کے ممبران کو20 سال کی ملازمت کے دوران3 ٹائم باؤنڈ پرموشنزحاصل ہوں گی۔کابینہ نے محکمہ خزانہ کو یہ سکیم نوٹیفائی کرنے کا اختیار دیا ہے اور اس سلسلے میں ضروری احکامات جاری کرنے کے لئے کہا ہے۔کابینی اجلاس میں پرائمری ہیلتھ سینٹر روہامہ بارہ مولہ کو27 اسامیوںکو وجود میں لانے کے ساتھ سب ڈسٹرکٹ ہسپتال کا درجہ دینے کو منظوری دی گئی۔ اسی طرح پی ایچ سی کوٹ بھلوال جموں اور پی ایچ سی اچھہ بل اننت ناگ کو اضافی32 اسامیوں کو معرض وجود میں لانے کے ساتھ سب ضلع ہسپتال کا درجہ دینے کو ہری جھنڈی دکھائی۔