امشی پورہ شوپیان میں پولیس اَفسر پرفائرنگ

شوپیان// شوپیان میں جنگجوئوں نے پولیس کے ایک افسر پر گولیاں چلا کر اُسے زخمی کردیا۔ مذکورہ پولیس افسر کو سرینگر کے بادمی باغ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔کشمیر زون پولیس نے ایک ٹویٹ کے ذریعے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے زخمی افسر کی شناخت اے ایس آئی شبیر احمد وگے ولد غلام حسن وگے ساکنہ امشی پورہ شوپیان کے طور کی۔ذرائع کے مطابق مذکورہ پولیس افسر مسجد سے نماز ادا کرنے کے بعد اپنے گھر واپس آرہا تھا ،جس دوران ایک موٹر سائیکل پر سوار دوجنگجوئوں نے اس پر گولیاں چلائیں،جس وجہ سے وہ زخمی ہوگیا۔ پولیس افسر کوفوری طور پر ضلع اسپتال شوپیان لایا گیا جہاں ابتدائی علاج کے بعد اُسے مزیدعلاجِ کے لیے سرینگر کے بادمی باغ فورسز اسپتال منتقل کیا گیا ، جہاں اس کی حالات مستحکم بتائی جارہی ہے۔حملہ کے فوراً بعد فورسز اہلکاروں نے امشی پورہ اور اس کے ملحقہ علاقوں کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا۔