امسال30جنگجو در اندازی کرنے میں کامیاب: بی ایس ایف

سرینگر//سرحدی حفاظتی فورس کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سریندر پوار نے کہا ہے کہ گزشتہ برس140کے مقابلے امسال(2020) میں25سے30جنگجو دراندازی کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ہمہامہ میں سرحدی حفاظتی فورس کے ہیڈ کوارٹر پر مژھل سیکٹر میں اتوار کو جنگجوئوں کے ساتھ جھڑپ میں ہلاک ہوئے اہلکار کی گلباری کی تقریب کے حاشیہ میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ سنیچر رات ایک بجے بی ایس ایف اہلکاروں نے مژھل سیکٹر میں3جنگجوئوں کی مشتبہ نقل و حرکت دیکھی،جس کے بعد سرحدی حفاظتی فورس کی ایک ٹیم نے جنگجوئوں کو چیلنج کیا،جبکہ جنگجوئوں نے فائرنگ کی،جس کے نتیجے میں کانسٹبل سدھیر سخت زخمی ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ فائرئنگ کا تبادلہ صبح4بجکر30منٹ تک جاری رہا،جبکہ زخمی اہلکار بھی زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔  فائرنگ کے تبادلے میں فوج کا ایک کپٹن آشوتوش اور مزید2سپاہی ہلاک ہوئے‘‘۔ دراندازی سے متعلق اعدادو شمار کے بارے میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس135سے140جنگجوئوں کے مقابلے میں امسال25سے30جنگجو دراندازی کرکے اس پار آنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حد متارکہ پر متحرک فوج و فورسز اہلکاروں کی سخت ترین نگرانی سے دراندازی کی کوششوں کا ناکام بنایا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ امکانی طور پر دراندازی کی مزید کوششیں بھی ہوسکتی ہیں تاہم سرحد پر فوج سریع الحرکت ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ نومبر میں جہاں برف باری ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے، وہیں دراندازی کی کوششوں میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہوںنے برف پگھلنے کے بعد دراندازی میں ممکنہ اضافے کا امکان ظا ہر کرتے ہو ئے کہا ہے کہ سرحدوں پر دراندازی روکنے کیلئے فوج اہل ہے اور کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے قابل ہے۔