امسال100سے زیادہ جنگجومارے گئے

سرینگر//انسپکٹر جنرل پولیس کشمیرزون وجے کمار نے منگل کے روز کہاکہ امسال وادی میں100سے زیادہ جنگجومارے گئے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ ایک بار پھر گمراہ ہوئے نوجوانوں سے اپیل ہے کہ وہ تشددکاراستہ چھوڑ کرقومی دھارے میں شامل ہوجائیں۔پولیس کے ٹویٹر ہینڈل پرآئی جی پی سے منسوب ایک ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ مشترکہ کوششوں سے امسال سیکورٹی فورسزکوبڑی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں ۔وجے کمارنے کہاکہ یہ جموں وکشمیر پولیس ،چنارکارپس (فوج) اورسی آرپی ایف کی مشترکہ کاوشوں کانتیجہ ہے کہ امسال سیکورٹی فورسزنے جنگجومخالف کارروائیوں کے دوران بڑی اہم کامیابیاں حاصل کیں ۔آئی جی پی نے کہاکہ رواں سال ابتک100سے زیادہ سرگرم جنگجوجھڑپوں کے دوران جاں بحق ہوگئے ہیں ۔ایک اورٹویٹ میںانسپکٹر جنرل  پولیس نے کہاکہ میں پھر گمراہ ہوئے نوجوانوں سے اپیل کرتاہوں کہ وہ تشددکاراستہ چھوڑ کرقومی دھارے میں شامل ہوجائیں ۔انہوںنے کہاکہ میں نوجوانوں سے اپیل کرتاہوںکہ وہ بندوق کاراستہ ترک کرکے اپنے گھروالوں کیساتھ پُرامن زندگی گزاریں۔آئی جی پی نے مزید کہاکہ پولیس تشددکاراستہ ترک کرکے گھرواپس لوٹنے والے نوجوانوں کوکھلے دل سے خیرمقدم کرے گی کیونکہ ان نوجوانوں کی معاشرے اورخاص طورپراُن کے والدین کو ضرورت ہے ۔خیال رہے وادی میں گزشتہ 4روز کے دوران 3تصادم آرائیوں میں2سرکردہ کمانڈروں سمیت8جنگجوئوں جاں بحق ہوئے ہیں ۔اس سے قبل ناگہ بیرن ترال جنگلات میں3جنگجو،پیر کے روز سرینگر کے آلوچی باغ میں 2جنگجو جاں بحق ہوئے ہیں۔