امسال 200 جنگجو مارے گئے: پولیس سربراہ

 سرینگر// پولیس سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے کہا کہ وادی کشمیر میں رواں برس کے گیارہ مہینوں کے دوران 200 سے زیادہ مقامی اور غیرملکی جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا ہے۔انہوں نے اس کا سہرا وادی میں انسداد عسکریت پسندی کی کارروائیوں میں شامل تمام سیکورٹی ایجنسیوں اور اہلیان کشمیر کے سر باندھا ہے۔ سرکاری اعداد وشمار کے مطابق گذشتہ سات برسوں میں پہلی مرتبہ وادی میں ایک سال میں مارے گئے جنگجوؤں کی تعداد 200 کے ہندسے کو عبور کرگئی ہے۔ وادی میں سال 2010 ء میں 270 مقامی اور غیرملکی جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا تھا۔ ریاستی پولیس سربراہ نے جمعرات کو اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ’جموں وکشمیر پولیس، آرمی، سی آر پی ایف، سی اے پی ایف اور اہلیان کشمیر کی مجموعی کوششوں کی بدولت رواں برس میں اب تک 200 جنگجوؤں کو ہلاک کیا جاچکا ہے۔ یہ جموں وکشمیر اور ہمارے ملک میں قیام امن اور استحکام کے لئے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے‘۔ قابل ذکر ہے کہ بھارتی فوج کی 15 ویں کورپس کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل جے ایس سندھو نے 19 نومبر کو انکشاف کیا کہ وادی میں رواں برس کے ساڑھے دس مہینوں کے دوران 190 مقامی اور غیرملکی جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا جن میں 80مقامی اور 110غیر ملکی ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ وادی میں اس وقت قریب 200 مقامی اور غیر ملکی جنگجو موجود ہیں۔