امر ناتھ یاترا2019 : گورنر کوسلامتی صورتحال کا خاکہ پیش کیا گیا

سرینگر//گورنر ستیہ پال ملک جو شری امر ناتھ شرائین بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں، نے اعلیٰ سطحی میٹنگ میں یکم جولائی سے بال تل اور پہلگام سے شروع ہونے والی امر ناتھ یاترا کیلئے سلامتی بندوبست کا جائزہ لیا۔گورنر نے یاترا کے احسن انعقاد کیلئے تمام متعلقہ ایجنسیوں کے مابین بہتر اور قریبی تال میل پر زور دیا۔ سیکورٹی ایجنسیوں کی طرف سے ریاست کے سلامتی منظر نامے کے بارے میں تفصیلی پریذنٹیشن دی گئی۔ میٹنگ میں یاترا علاقہ میں کسی بھی امکانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے کی جارہی تیاریوں ، یاتریوں کی پُر تحفظ نقل و حمل کیلئے آر او پی کی تعیناتی، ہر ایک یاترا کیمپ پر مشترکہ کنٹرول رومز کے قیام اور انہیں محکمہ موسمیات و ڈیزاسٹر منیجمنٹ یونٹوں کے ساتھ لنک کرنے، ریاستی پولیس کی ماؤنٹین ریسکیو ٹیموں کی تعیناتی، فائیر فائٹنگ ٹیموں کی تعیناتی، مختلف مقامات پر ایکسرے سکیننگ یونٹوں کے قیام، نیل گراٹ، پنج ترنی اور پہلگام ہیلی پیڈوں پر ایکسیس کنٹرول سہولیات کے قیام، بار کوڈ پوائنٹس اور یاترا روٹوں پر مواصلاتی سہولیات کے قیام سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔میٹنگ میں بال تل و ننون بنیادی کیمپوں اور دُمیل اور چندن واڑی پر ایکسیس کنٹرول سسٹم نصب کرنے، لکھن پور چیک پوسٹ پر ٹریفک کی معقولیت کے لئے ٹریفک پولیس کی تعیناتی، پہلگام سے بال تل تک ہیلی سروسز کے انتظامات، ٹرانزٹ کیمپ کے انتظامات، مختلف کیمپوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے اور ایکسس کنٹرول گیٹ قائم کرنے سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔گورنر نے پولیس سربراہ اور صوبائی انتظامیہ کو رجسٹر شدہ یاتریوں کی پوتر گپھا تک تیز تر اور بلا خلل نقل و حمل کو یقینی بنانے اور اُنہیں درپیش کسی بھی مشکل کا فوری ازالہ کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے تمام ایجنسیوں کو کسی بھی امکانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام لازمی انتظامات اور ضابطہ عمل وضع کرنے کی ہدایت دی جس پر انہوں نے ضلع انتظامیہ، سیکورٹی دستوں اور تمام شراکت داروں کو من وعن عمل کرنے کی ہدایت دی۔گورنر نے تمام سیکورٹی ایجنسیوں کو گذشتہ یاتراؤں کے دوران اُبھاری گئی خامیوں کو درست کرنے اور یاتریوں کے سفر کے دوران انہیں سیکورٹی کؤر فراہم کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے پولیس سربراہ، جموں اور کشمیر کے صوبائی کمشنروں اور دونوں صوبوں کے آئی جیز کو یاتریوں کی سلامتی سے متعلق ایڈوائزری کو وسیع تشہیر دینے، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں یاترا سے متعلق اوقات کار شائع کرنے اور انہیں ریلوے سٹیشن جموں، یاترا نواس بھگوتی نگر جموں، لکھن پور چیک پوسٹ، جموں اور سرینگرکے آن سپاٹ رجسٹریشن کاؤنٹروں اور بال تل ، ننون و پنجترنی کے بیس کیمپوں پر محکمہ اطلاعات اور ضلع انتظامیہ کے اشتراک سے پبلک ایڈریس سسٹم کے ذریے تشہیر دینے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں گورنر کے صلاحکار کے۔ وجے کمار ، چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم،15 ویں کور کے جی او سی لیفٹینٹ جنرل کے جے ایس ڈھلوں، ڈی جی پی دلباغ سنگھ، ایڈیشنل ڈی جی سی آر پی ایف وی ایس کے کاموڈی، شرائین بورڈ کے سی ای او اُمنگ نرولا، جی او سی وکٹر فورس میجر جنرل جے پی میتھیو، آئی جی سی آر پی ایف ذوالفقار حسن، پرنسپل سیکرٹری داخلہ شالین کابرا، آئی جی بی ایس ایف ابھینو کمار، اے ڈی جی پی مُنیر احمد خان، صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان، آئی جی پی کشمیر ایس پی پانی، آئی جی سی آر پی ایف سرینگر سیکٹر روی دیپ سنگھ، آئی جی سی آر پی ایف جموں اے وی چوہان ، ائیر افیسر کمانڈنگ ائیر فورس سٹیشن سرینگرائیر کموڈور وی ایس مہیدا اور چیف ایگزیکٹو افسر امر ناتھ شرائین بورڈانوپ کمار سونی بھی موجود تھے۔