امر ناتھ یاترا2018:گورنر نے قیام و طعام کی سہولیات کا جائیزہ لیا

 سرینگر//گورنر این این ووہرا جو کہ امر ناتھ جی شرائین بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں، نے بورڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر اُمنگ نرولا کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران پوتر گپھا تک جانے والے روٹوں پرقائم یاترا کیمپوں میں یاتریوں کے لئے قیام و طعام کی سہولیات کا جائیزہ لیا۔اُمنگ نرولانے گورنر کو جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ یاترا کے روٹوں پر جن113 لنگروں کے قیام کی اجازت دی گئی تھی اُن میں سے یاتریوں کی تعداد میں کمی آنے کے باعث78 لنگروں کو بند کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لنگر چلانے والے پہلے مرحلے میں یاتریوں کو قیام و طعام کی سہولیات فراہم کرنے کے بعد اپنے گھروں کو واپس پہنچ گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یاترا کے روٹوں پر مختلف مقامات پر ابھی بھی35 لنگر چالو ہیں جو یاتریوں کو قیام و طعام کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے کی صورت میں ان لنگروں کی تعداد میں بھی کمی لائی جاسکتی ہے۔اُمنگ نرولا نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر اننت ناگ اور ڈپٹی کمشنر گاندر بل نے یاترا کے مختلف علاقوں میں3710 شامیانے لگانے کی اجازت دی تھی۔انہوں نے کہا کہ یاتریوں کی آمد میں کمی کے بعد3265 شامیانے اُٹھائے گئے ہیں اور باقی445 ابھی بھی یاتریوں کی ضروریات کو پورا کر رہے ہیں۔گورنر نے چیف ایگزیکٹو افسر کو ہدایت دی کہ وہ یاترا کے آخر تک یاتریوں کو سہولیت فراہم کرنے کے لئے درکار لنگروں اور شامیانوں کی تعداد کا تعین کریں تا کہ ان لنگروں اور شامیانوں کو مرحلہ وار طریقے پر بند کیا جاسکے۔