امر ناتھ یاترا 2024 قومی شاہراہ پر ڈرون اور سی سی ٹی وی نگرانی کا استعمال کیا جائے گا : حسیب مغل

 ایم ایم پرویز

رام بن//امرناتھ یاترا کو محفوظ، ہموار اور پریشانی سے پاک بنانے کے لئے ٹریفک پولیس کی کمک کے علاوہ یاترا کے راستے پر ڈرون، سی سی ٹی وی، نگرانی اور دیگر جدید آلات کا استعمال کیاجائے گا ۔ان خیالا ت کا اظہار ڈی آئی جی ٹریفک جموں زون ڈاکٹر محمد حسیب مغل نے جمعرات کو رام بن میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ایس ایس پی، ٹریفک، این ایچ ڈبلیو، رام بن، روہت باسکوترا اور ڈی ایس پی، ٹریفک، ادھم پور، جیتندر سنگھ بھی اس دوران موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ ہر سال اٹھائے جانے والے اقدامات کے علاوہ یاترا کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ عوام کی تکلیف کو کم کرنے کے لئے کچھ اور اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بدترین 19 رکاوٹوں میں سے 16 کو درست کر لیا گیا ہے اور تباہ شدہ دھلواس، میہڈ، میگر کوٹ اور پنتھیال کی مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ مشینیںشاہراہ پر حساس مقامات پر رکھی جائیں گی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کو پورا کیا جا سکے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ پانچ مہینوں کے دوران ٹریفک پولیس نیشنل ہائی وے نے اپنے دائرہ اختیار میں (سالورا ادھم پور سے بانہال اور ریاسی، ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع) میں 40,000 ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے، 550 گاڑیوں کو ضبط کرنے کے علاوہ بھاری جرمانہ بھی وصول کیا گیا ہے ۔انہوں نے عوام اور ڈرائیوروں سے بھی پرجوش اپیل کی کہ وہ اپنی حفاظت اور ہموار ٹریفک کی نقل و حرکت کے لئے ٹریفک قوانین پر عمل کریں۔