امریکی CIA کے سربراہ کا قاسم سلیمانی کو سخت پیغام

 واشنگٹن//امریکی مرکزی انٹیلیجنس ایجنسی سی آی اے سربراہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایرانی پاسداران انقلاب کی قْدس فورس کے کمانڈر قاسم سلیمانی اورایرانی قیادت کو ایک خط بھیجا ہے جس میں عراق میں ایران کے بڑھتے ہوئے خطرناک برتاؤ پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔انہوں نے یہ بات ہفتے کے روز جنوبی کیلیفورنیا میں سالانہ "ریگن فورم برائے دفاع" سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ پومپیو کے مطابق یہ خط ایک سینئر ایرانی عسکری کمانڈر کے اس بیان کے بعد بھیجا گیا جس میں عندیہ دیا گیا تھا کہ اس کمانڈر کے زیر تعمیل فورسز عراق میں امریکی فوج کو حملوں کا نشانہ بنا سکتی ہیں۔پومپیو کا مزید کہنا تھا کہ خط میں یہ بات واضح کر دی گئی ہے کہ "عراق میں ایران کے زیرِ کنٹرول فورسز کی جانب سے امریکی مفادات پر کسی بھی حملے کی ذمے داری اس کمانڈر اور ایران پر عائد ہو گی۔ ہم یہ چاہتے ہیں کہ مذکورہ کمانڈر اور ایرانی قیادت اس بات کو اچھی طرح سے سمجھ لیں"۔رواں برس جنوری میں امریکی انٹیلیجنس کی قیادت سنبھالنے والے مائیک پومپیو نے بتایا کہ ایرانی پاسداران انقلاب کی بیرون ملک کارروائیوں کے نگراں قاسم سلیمانی نے اْن کا خط کھولنے سے انکار کر دیا۔