امریکی کانگریس کے وفدکی مودی سے ملاقات

نئی دہلی//امریکی کانگریس کے سینیٹر جان کارنن کی قیادت میں ایک وفد نے کل یہاں وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔سینیٹر جان کارنن ہندوستانی اور ہندوستانی نژاد کے امریکیوں سے متعلق سینیٹ گروپ کے شریک بانی اور وائس چیئرمین ہیں ۔وفد کے دیگر ارکان میں سینیٹر مائیکل کریپو، سینیٹر تھامس ٹوبرویل، سینیٹر مائیکل لی، کانگریس مین ٹونی گنزیلز اور جان کیبن ایلگی سینئر شامل تھے۔ وزیراعظم اور وفد کے ارکان نے دونوں اسٹریٹجک شراکت داروں کے درمیان تزویراتی مفادات پر تبادلہ خیال کیا اور عالمی امن و استحکام کو فروغ دینے کے مقصد سے تعاون کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے اور دہشت گردی، موسمیاتی تبدیلی اور اہم ٹیکنالوجیز کے لیے قابل اعتماد سپلائی چین جیسے عصری عالمی مسائل پر تعاون کو مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔