امریکی صدارتی انتخابات | روسی صدر نے کملا ہیرس کی حمایت کردی

عظمیٰ نیوز ڈیسک

ماسکو//روسی صدر ولادیمیر پوتن نے امریکی صدارتی انتخابات پر طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے جیت کیلئے ہر وقت ہنستی مسکراتی کاملا ہیرس کی حمایت کردی۔ امریکہ نے روسی صدر کو صدارتی انتخابات پر تبصرہ کرنے سے باز رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ایک تقریب میں روسی صدر کا کہنا تھا کہ جو بائیڈن اپنے حامیوں سے کاملا ہیرس کی حمایت کا کہہ رہے ہیں ہم بھی ان کی حمایت کریں گے۔پوتن نے کہا کہ کملا ایسے مسکراتی ہیں جیسے ان کے ساتھ سب کچھ ٹھیک ہو، ٹرمپ نے اب تک سارے امریکی صدور سے زیادہ روس پر پابندیاں لگائیں۔روسی صدر نے کہا کہ اگر کملا ہیرس آئیں تو ہوسکتا ہے وہ ٹرمپ کی طرح نہ کریں۔ولادیمیر پوتن نے پھر کہا کہ امریکی عوام اپنے صدر کا انتخاب کریں گے اور ہم امریکی عوام کی مرضی کا احترام کریں گے۔دوسری جانب پوتن کے تبصرے پر ترجمان وائٹ ہاؤس جان کربی کا کہنا ہے کہ روسی صدر کو ہمارے انتخابات کے بارے میں بات کرنا چھوڑ دینا چاہئے۔جان کربی نے مزید کہا کہ روسی صدر کو کسی بھی طرح کسی کی بھی حمایت نہیں کرنی چاہئے۔