امرناتھ یاترا2024 چندن واڑی اور ننون میں صفائی سہولیات کا جائزہ

 عظمیٰ نیوز سروس

پہلگام//سیکرٹری دیہی ترقی محکمہ و پنچایتی راج ڈاکٹر شاہد اِقبال چودھری نے اننت ناگ کے ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر سیّد فخرالدین حامد کے ساتھ چندن واڑی ، نون وَن کیمپوں اور پہلگام کا تفصیلی دورہ کیا تاکہ اس مہینے کی 29؍ تاریخ سے شروع ہونے والی امرناتھ یاترا 2024 کی تیاری کے سلسلے میں پہلگام محور کے ساتھ صفائی ستھرائی کی سہولیات کا جائزہ لیا جاسکے۔دورے کے دوران سیکرٹری کے ہمراہ سیکرٹری اِن آر ڈی ڈی اینڈ پی آر طارق احمد زرگر، ڈائریکٹر جنرل رورل سینی ٹیشن انو ملہوترا،ڈائریکٹر رورل ڈیولپمنٹ کشمیرشبیر احمد بٹ ، اے سی ڈی اننت ناگ سیّد فہیم بیہقی، اے سی پی اننت ناگ ظہیرعباس بٹ، بی ڈی اوز اور دیگر فیلڈ افسران بھی تھے۔ڈاکٹر شاہداِقبال چودھری نے صفائی ستھرائی کے مختلف بنیادی ڈھانچے بشمول بیت الخلأ ، واش روموں، کوڑے دانوں، گرے واٹرکو ٹھکانے لگانے کیلئے نکاسی آب، ویٹ ویسٹ کی جگہ کو الگ کرنے، پلاسٹک ویسٹ مینجمنٹ سائٹ اور پہلگام محور پر صفائی ستھرائی کی دیگر سہولیات کی تنصیب اور فعالیت کا جائزہ لیا۔انہوں نے صفائی کے اثاثوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے پہلگام کلب میں افسران اور دکانداروں کے ساتھ ایک تفصیلی میٹنگ بھی منعقد کی اور افسروں اور دکانداروں کو ہدایت دی کہ وہ 2024 میں زیرو لینڈ فل یاترا کو یقینی بنائیں۔

 

انہوں نے نون ون سے چندن واڑی اور یاترا روٹ کے آس پاس کوڑے دانوں کی تنصیب کا جائزہ لیا تاکہ کوڑاکرکٹ کو مؤثر طریقے سے ٹھکانے لگانے اور یاتریوں میں صفائی کو فروغ دینے کو یقینی بنایا جاسکے۔سیکرٹری موصوف نے نئے نصب شدہ بیت الخلاء کا بھی معائنہ کیا تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ وہ حفظان صحت اور رسائی کے معیارات پر پورا اترتے ہیں۔انہوں نے بجلی کے کنکشنوں کی دستیابی اور قابل اعتمادیت کا بھی جائزہ لیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ صفائی ستھرائی کی تمام سہولیات بالخصوص جو بجلی پر اَنحصار کرتی ہیںبغیر کسی رکاوٹ کے کام کریں۔شاہد اِقبال چودھری نے نون ون بیس کیمپ میں خواتین یاتری کے لئے نصب ’پنک ٹوائلٹس‘ اور بیس کیمپ میں مختلف مقامات پر نصب پورٹیبل باتھ روم کا معائینہ کیا۔انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ لنگروں سے پیدا ہونے والے ویٹ ویسٹ کو مخصوص مقامات تک پہنچانے کے لئے کافی گاڑیاں دستیاب رکھیں۔سیکرٹری نے ایک موثر انفارمیشن، ایجوکیشن اینڈ کمیونی کیشن (آئی ای سی) حکمت عملی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے صفائی سہولیات کے مناسب استعمال، سنگل یوز پلاسٹک کے متبادل اور بائیو میڈیکل ویسٹ کو سائنسی طریقے سے ٹھکانے لگانے کے لئے بیداری مہم اور تعلیمی مواد کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ڈاکٹر شاہداِقبال چودھری نے سہولیات کی مسلسل دیکھ ریکھ کو یقینی بنانے کیلئے اچھی طرح سے تربیت یافتہ اہلکاروں کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ تمام امرناتھ جی یاتریوں کے لئے صاف ستھرا اور صحت بخش ماحول فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔ڈی جی رورل سینی ٹیشن جموں و کشمیر ملہوترا نے اے سی ڈی ، اے سی پی اننت ناگ ، نوڈل آفیسر پہلگام محور ، بی ڈی اوز اور دیگر فیلڈ سٹاف کے ساتھ آئندہ یاترا کے لئے آئی ای سی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے تفصیلی میٹنگ کی۔