امرناتھ یاترا2018

اننت ناگ//گورنر کے مشیر وجے کمار نے چیف سیکریٹری بی وی آر سبرامنیم اور ڈی جی پی ڈاکٹر ایس پی وید کے ہمراہ چندن واڑی اور پہلگام کا دورہ کیا اور 28 جون سے شروع ہونے والی امر ناتھ یاترا کے سلسلے میں انتظامات کا جائیزہ لیا ۔ مشیر نے یاتریوں کیلئے کئے جا رہے انتظامات اور سرگرمیوں کا تفصیلی جائیزہ لیا ۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو آپسی تال میل اور اشتراک سے یاترا کو کامیابی کے ساتھ انجام دینے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر اننت ناگ کو یاترا انتظامات کے بارے میں اعلیٰ سطحی کمیٹی کے فیصلوں کو پیش کرنے کی ہدایت دی ۔ چندن واڑی میں 20 بستروں والے ہسپتال کا معائینہ کرنے کے دوران مشیر نے محکمہ صحت کے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ شیش ناگ میں ای سی جی ، ایکسرے اور ضروری ادویات فراہم کرنے کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ سے کہا کہ وہ یاتریوں کیلئے موبائیل ، اے ٹی ایم وین کیلئے مناسب جگہ فراہم کرے ۔ چیف سیکرٹری نے اس موقعہ پر تمام سٹیشنوں پر یاتریوں کیلئے اعلیٰ و معیاری سہولیات و خدمات بالخصوص طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی ۔ بعد میں مشیر نے چیف سیکریٹری اور ڈی جی پی کے ساتھ سول اور پولیس افسروں کی ٹورازم کلب پہلگام میں ایک میٹنگ کا انعقاد کیا جس میں انہوں نے یاترا سہولیات کا جائیزہ لیا ۔ ڈپٹی کمشنر اننت ناگ محمد یونس ملک نے اس موقعہ پر یاترا 2018 کیلئے کئے گئے انتظامات کی تفاصیل پیش کیں ۔ ایس ایس پی اننت ناگ ، اے ڈی سی ، کیمپ ڈائریکٹر ایس اے ایس بی ، سی ای او پی ڈی اے ، ایس ڈی ایم پہلگام ، و متعلقہ افسران اس موقعہ پر موجود تھے ۔