امرناتھ یاترا 2022

 سرینگر//ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس وسطی کشمیر سجیت کمارنے ضلع پولیس گاندربل کا دورہ کیا اور سیکورٹی کے منظر نامے، امن و امان، یاترا کی تیاری، انسداد دہشت گردی آپریشن، انسداد منشیات مہم اور دیگر امور سے متعلق جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔انہوں نے شہامہ میں پولیس چوکی ناگہ بل کی زیر تعمیر عمارت کا بھی دورہ کیا۔انہوں نے سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے علاوہ امرناتھ یاترا کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا جو کہ 30جون 2022کو شروع ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے ضلع پولیس افسران کو امرناتھ یاترا کو محفوظ کرنے کیلئے کچھ ہدایات دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک دشمن عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ضرورت ہے تاکہ عسکری کارروائیوں کو مکمل طور پر روکا جا سکے اور تفتیش اور بالخصوص دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے جدید پولیسنگ تکنیک پر توجہ دینے کی ہدایت کی۔انہوں نے ضلع میں امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے پولیس اور عوامی تعلقات کو مضبوط بنانے، خدمت پر مبنی پولیسنگ اور عوام کا اعتماد حاصل کرنے پر بھی زور دیا۔میٹنگ میں ایس ایس پی گاندربل نکھل بورکر، اے ایس پی گاندربل فیروز یحییٰ، ایس ڈی پی او کنگن یاسر قادری، ڈی وائی ایس پی ہیڈ کوارٹر گاندربل  غلام حسن، مظفر جان، ڈی وائی ایس پی گاندربل منوج کمار ضلع گاندربل کے دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی ۔کے این ایس