محمد تسکین
بانہال// پانچ سال پہلے 05اگست کے روز جموں و کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والی دفعہ 370کو منسوخ کرنے کی پانچویں سالگرہ کے موقع پر جہاں باقی یوٹی کی طرح جموں سرینگر قومی شاہراہ اور ضلع را م بن میں سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے وہیں پیر کے روزامرناتھ یاترا کے قافلوں کو بھی جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے پہلگام اور بال تل کی طرف آنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ تاہم اس دوران شاہراہ پر مسافر بردار گاڑیوں کا دو طرفہ ٹریفک بغیر کسی خلل کے معمول کے مطابق چلتا رہا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ دفعہ 370 کی منسوخی کی پانچویں سالگرہ کے موقع پر ممکنہ سیکورٹی وجوہات کی بنا پر امرناتھ یاترا کے کسی بھی قسم کے ٹریفک کو جموں کے بھگوتی نگر کیمپ سے وادی کشمیر کے پہلگام اور بالتل کیطرف جانے کی اجازت نہیں دی گئی ہے تاہم کشمیر سے پوتر گھپا کے درشن سے واپس آرہی یاترا کی گاڑیوں کو شاہراہ پر چلنے کی اجازت دی گئی اور دوپہر تک کشمیر سے واپس آنے والے دونوں قافلوں کو سخت حفاظتی انتظامات کے بیچ ضلع رامبن سے پار کرکے جموں کیطرف روانہ کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ پیر کی صبح سے ہی شاہراہ پر معمول کے ٹریفک کو چلنے کی اجازت تھی اور مسافر گاڑیوں کو دوطرفہ ٹریفک میں چلنے کی اجازت تھی ۔ انہوں نے کہا کہ پیر کی دوپہر سے پہلے ادہمپور سے مال بردار ٹرکوں اور ایندھن بردار ٹینکروں کو وادی کشمیر کیطرف جانے کی اجازت دی گئی ہے۔