امت شاہ کا3روزہ دورہ متوقع

نئی دہلی//مرکز کے میگا آؤٹ ریچ پروگرام کے ایک حصے کے طور پر مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ اکتوبر کے آخر میں جموں وکشمیرکا3روزہ دورہ کریں گے۔ تین روز تک یہاں اپنے قیام کے دوران مرکزی وزیرداخلہ مقامی سیول انتظامیہ ،پولیس ،فوج ونیم فوجی دستوں کے اعلیٰ حکام کیساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں جموں وکشمیرکی اندرونی سیکورٹی اورسرحدی صورتحال کاتفصیلی جائزہ لیں گے ۔قابل ذکر ہے کہ یہ امت شاہ کا2سال قبل دفعہ 370 کی منسوخی اورجموں و کشمیر کی تقسیم وتنظیم نوکے بعدپہلا دورہ ہوگا۔میڈیا رپورٹوں کے مطابق یہ دورہ23 سے 25 اکتوبریاپھر22سے24اکتوبر کو ہونے کا امکان ہے۔سرکاری عہدیداروںکا کہنا ہے کہ اپنے3 دورے کے دوران مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ ،وادی کشمیر اور جموں خطے کے دُور دراز علاقوں کا دورہ کریں گے اور مختلف ترقیاتی اقدامات کا جائزہ لیں گے۔انہوںنے یہ بھی بتایاکہ مرکزی وزیرداخلہ جموں اورکشمیر صوبوںمیں کچھ ترقیاتی پروجیکٹوں کاسنگ بنیاد رکھنے کیساتھ ساتھ کچھ نئی اسکیموں یاپروجیکٹوں کااعلان بھی کریں گے ۔انہوںنے کہاکہ سیکورٹی سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران جس میں لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہابھی موجودہونگے ،کے دوران مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ جموں وکشمیرمیں جاری ترقیاتی پروجیکٹوں پرجاری کاموںکی رفتار کیساتھ ساتھ سلامتی صورتحال بشمول جنگجوئیانہ سرگرمیوں ،جنگجومخالف کارروائیوں،سرحدپار سے دراندازی کے واقعات اورمجموعی سیکورٹی وسرحدی صورتحال کاجامع اندازمیں جائزہ لیں گے ۔وہ کچھ عوامی وسیاسی وفودکیساتھ بھی ملاقات کرسکتے ہیں ۔