امتحانی عمل نومبر سیشن کے تحت ہی ہوگا

سرینگر//محکمہ تعلیم نے رواں تعلیمی سال کیلئے موجودہ تعلیمی نظام کے تحت نومبر سیشن میںامتحانی عمل جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔محکمہ سکول ایجوکیشن کی طرف سے جاری کئے گئے ایک نوٹیفکیشن کے مطابق امتحانی عمل کو مارچ سیشن میں منتقل کرنے کے امکانات کے بارے میں متعلقین،عام لوگوںاور ماہرین تعلیم کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کے بعد فیصلہ لیا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ محکمہ تعلیم نے تعلیمی سال کو نومبر کے بجائے مارچ میں کرنے کی والدین اورطلبأ کی تجویز پر پہل کی شروعات کی تھی اور اس سلسلے میں معاملے کے جائزے کے لئے چیرپرسن بورڈ آف سکول ایجوکیشن کی قیادت میں ماہرین کی ایک کمیٹی تشکیل دی گی تھی۔کمیٹی کی طرف سے اس سلسلے میں تبادلہ خیال کی کئی نشستیں منعقد ہوئیں۔اس حوالے سے کمیٹی کی طرف سے پیش کی گئی رپورٹ کا سرکار نے جائزہ لیا۔ جس کے بعد یہ فیصلہ لیا گیاکہ تبادلہ خیال کی نشستوں کے دورا ن اُٹھائے گئے معاملات کا حتمی فیصلہ لینے سے پہلے اس پر مزید غوروخوض کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ معاملہ طلبأ کے مفاداورمستقبل کے لئے انتہائی اہم ہے۔