امام صاحب شوپیان میں توڑ پھوڑ

 
شوپیان//شوپیاں کے مضافاتی علاقے ہرد ہنڈو امام صاحب میں فوج نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران مبینہ طور پر توڑ پھوڑ کی،جبکہ پلوامہ کے آریگام علاقے میں اس وقت تشدد بھڑک اٹھا جب فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لیکر وہاں تلاشی کارروائی شروع کی ۔ فوج نے امام صاحب شوپیاں کے ہرد ہنڈو میں عبدالغنی بٹ کے گھر پر چھاپہ مارا ،جس کے دوران کوئی قبل اعتراض چیز برآمد نہیں کی گئی۔اہل خانہ کے مطابق صبح10بجے سے دن کے2بجے تک تلاشی کا سلسلہ جاری رہا،اور اس دوران مکان میں سخت توڑ پھوڑ کے علاوہ دیواروں اور سیڑیوں کو بھی منہدم کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ فوج مکان میں کمین گاہ کی تلاش میں تھی،تاہم کوئی بھی کمین گاہ برآمد نہیں ہوئی۔اس دوران جنگجوئوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد فوج ، سی آر پی ایف اور ایس او جی پلوامہ نے آریگام پلوامہ میں تلاشی کارروائی شروع کی تو وہاں نوجوانوں کی ٹولیوں نے سڑکوں پر نکل کر احتجاجی مظاہرے شروع کئے اور جنگجو مخالف آپریشن میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کی۔ اسی دوران فورسز اہلکاروں نے نوجوانوں کا تعاقب کیا جس پر وہ مشتعل ہوئے اور انہوں نے فورسز پر سنگبازی کی جس کے جواب میں فورسز کو لاٹھی چارج اور ٹیر گیس شلنگ کا استعمال کرنا پڑا ۔