امام حُسینؑ قربانیوں اور صداقت کا منبع:عمران انصاری

 سرینگر//انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کھیل کود کے وزیر مولوی عمران رضا انصاری نے ایچگام بڈگام میں تقریب کے دوران کربلا کے شہدأ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔شیعہ ایسوسی ایشن کی طرف سے منعقدہ یک روزہ تقریب میں انصاری نے واقعہ کربلا پر روشنی ڈالتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کربلا کے پیغام کو سمجھ کر شہدأ کربلا کے جذبہ ایثار کو اپنے اندر پیدا کریں۔وزیر نے کہا کہ ’ہمیں امام حُسین ؑ کی طرف سے دکھائے گئے راستے پر چل کر اُن کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا چاہئے کیوں کہ انہوں نے اسلام اور حق و صداقت کی لڑائی لڑی‘۔ انہوں نے کہا کہ یہ قربانیاں تا قیامت جیتی جاگتی مثال رہیں گی۔ شہدأ کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے ایک جلوس بھی برآمد ہوا جس میں کافی تعداد میں مرد، خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔
 

عزاداری کے جلسوں پر پابندی اور طاقت کا استعمال غیر جمہوری

اتحادالمسلمین، انجمن شرعی شیعیاں اور پیروان ولایت کا اظہار برہمی 

سرینگر//اتحادالمسلمین، انجمن شرعی شیعیاں اور پیروان ولایت نے مختلف مقامات پر برآمد کئے گئے محرم جلوسوںکو منتشر کرنے کیلئے طاقت کے بے تحاشااستعمال کرنے کی مذمت کی۔ اتحاد المسلمین کے ترجمان نے پر امن جلوس عزا پر پولیس تشدد اور بربریت کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے اسے مداخلت فی الدین قرار دیا اور کہا کہ کشمیر کی مسلم اکثریتی ریاست میں یہاں کے عوام کے جملہ حقوق سلب کرلئے گئے ہیں،یہاںمذہبی اور سیاسی آزادی کے بہم ہونے کے بلند بانگ دعوے تو کئے جاتے ہیں مگر حقیقت یہ ہے کہ ہمارے مذہبی اور سیاسی حقوق طاقت کے بل پر سلب کر لئے گئے ہیں۔ ترجمان نے کہاکہ سرکار امرناتھ یاترا کے لئے مہینوں پہلے انتظامات کرتی ہیں اور یاتریوں کی ہر ممکن سہولیت کا بندوبست کرتی ہے لیکن عزاداری کے جلوسوں پر بلا جواز پابندیاں عائد ہیں اور جب لوگ ان زیادتیوں کیخلاف صدائے احتجاج بلند کرتے ہیں تو ان پر تشدد کیا جاتا ہے اور جیلوں کی زینت بنایا جاتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ محرم کے مقدس ایام کے دوران جس طرح یہاں کے عوام نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور اتحاد و اتفاق کی مشعل کو فروزاں رکھا وہ ہر لحا ظ سے قابل تحسین ہے۔ادھر انجمن شرعی شیعیان سربراہ آغا سید حسن نے لالچوک سرینگر میں جلوس علم شریف میں شامل عزاداروں پر پولیس تشدد کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے تاریخی محرم جلوسوں پر متواتر قدغن کو مداخلت فی الدین کی بدترین مثال سے تعبیر کیااورحکومتی قدغن بلاجواز ہے۔ انہوںنے کہاکہ اب جبکہ گزشتہ ایک دہائی سے وادی میں ہر مذہب و ملت کے لوگوں کو اپنے دینی مراسم کی ادائیگی کا آزادانہ موقعہ فراہم کیا جارہا ہے ،صرف تاریخی محرم جلوسوں پر متواتر قدغن عائد کرکے ریاستی انتظامیہ جن سیاسی مقاصد کی تکمیل کی پالیسی پر گامزن ہے ۔اس دوران جمہوری اسلامی ایران سے ایک بیان میں پیروان ولایت سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے کہا ہے کہ مذہبی معاملات میں سرکاری مداخلت ناقابل برداشت عمل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے بلند بانگ دعوے کرنے والے حکمران جمہوری نظام سے قدرے ناواقف ہے اسی لئے ایک طرف جمہوریت کے دعویدار ہیں دوسری طرف عزاداری کے جلوسوں پر پابندیاں اور قدغنیں لگا رہے ہیں ۔
 

بنیادی سہولیات فراہم رکھی جائیں:ڈاکٹر فاروق 

سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداﷲ نے یوم عاشورہ کے پیش نظر ریاست میں خصوصی اقدامات کرنے کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے انتظامیہ سے تاکید کی کہ وہ عوام کو بنیادی سہولیات وافر مقدار میں میسر رکھنے کے ساتھ ساتھ شیعہ اکثریتی علاقوں میں خاص طور سے سڑکوں اور گلی کوچوں کی صفائی کے کام اوربغیر خلل بجلی سپلائی کو بھی یقینی بنایا جانا جائے ۔ ڈاکٹر فاروق نے عزاداران کے جلوسوںخصوصاً زوالجناح کے جلوسوں کے دوران ہر اہم مقام پر طبی کیمپ قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عزادارن کے جلوسوں کے ہمراہ خصوصی فرسٹ ایڈ سہولیات بھی میسر رکھی جانی چاہیں۔ اِسی طرح صحت وصفائی کے منظم اور موثر انتظامات کے ساتھ ساتھ جگہ جگہ پینے کے پانی کے عارضی نل پونیٹ قایم کئے جانے چاہیں۔ ڈاکٹر فاروق نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ عزاداران کو اپنے اپنے علاقوں میں تعزیہ جلوس نکالنے کی بھر پور سہولیات فراہم کی جائیں اور یوم عاشورہ کی اختتامی تقریبات منعقد ہوجانے تک ہر ایسی سہولیت کو بر قرار رکھا جانا چاہیے۔اَدھر پارٹی کے سینئر لیڈران وسطی زون کے صدر محمد اکبر لون(ایم ایل اے سوناواری)، ترجمانِ اعلیٰ آغا سید روح اللہ (ایم ایل اے بڈگام) اور آغا محمود(ایم ایل سی ) نے محرم الحرام کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات کو غیر تسلی بخش قرار دیتے کہا کہ محرم الحرام کے سلسلے میں حکومت کی طرف سے کئے گئے تمام دعوے اور اعلانات کھوکھلے ثابت ہوئے ہیں۔ 
 

قاسم سجاد کی تازہ تصنیف

رسم رونمائی آج

سرینگر//معروف ادیب اور صحافی قاسم سجادکی تصنیف ’لمحات کے ساتھ ‘ کی رسم رونمائی آج دن کے 11بجے ڈاک بنگلہ کھنہ بل اننت ناگ میں انجام دی جارہی ہے ۔اس سلسلے میں منعقد ہورہی تقریب پر مال اور باز آباد کاری کے وزیر عبدالرحمان ویری مہمان خصوصی ہونگے جبکہ جسٹس (ر) بشیر کرمانی مہمان ذی وقار ہونگے۔