امام باڑہ بڈگام میں مجلس عزا

سرینگر//امیر المومنین حضرت علی المرتضیؓکے یوم شہادت کی مناسبت سے انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے وادی بھر میں خصوصی مجالس کا انعقاد ہوا۔ اس سلسلے کا سب سے بڑا اجتماع مرکزی امام باڑہ بڈگام میں منعقد ہوا جہاں دسیوں ہزار عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ عقیدت مندوں سے خطاب کرتے ہوئے انجمن کے صدرآغا سید حسن نے حضرت علیؓ کے کردار و عمل اور سیرت پر تفصیلی روشنی ڈالی اور امام علیؑ کی شہادت کے اسباب و عوامل بیان کئے۔ انہوں نے کہا کہ پیغمبر اکرم ؓ ہر مرحلہ پر علی کی شان و عظمت کو واضح کرتے رہے اور مسلمانوں کو ان کی اطاعت کی تاکید کرتے رہے ۔ اس دوران آغا حسن نے افغانستان میں شیعہ برادری پر حملوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے حکومت افغانستان سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک میں مسلکی اقلیتوں خاص طور پر ہزارا برادری کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے سنجیدہ اقدام کرے ۔انہوںنے کہا کہ افغانستان شیعہ برادری کے لئے غیر محفوظ بنتا جا رہا ہے اور طالبان حکومت انہیں تحفظ دینے میں سنجیدہ نہیں ۔