سرینگر// حضرت امام اعظم ابوحنیفہؒ کے یوم وصال پر حریت (ع) چیئرمین میرواعظ عمر فاروق، جمعیت ہمدانیہ اور انجمن حمایت الاسلام نے خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ میرواعظ عمر فاروق نے کہاکہ حضرت امام اعظم ابو حنیفہ کی دین اسلام اور ملت اسلامیہ کے تئیں خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا ہے ۔میرواعظ نے کہا کہ حضرت امام اعظم ؒ کی دینی بصیرت ، فقہی دقت نظر اور تفقہ فی الدین ایک مسلمہ حقیقت ہے ، جنہوں نے اپنی خداداد علمی صلاحیتوں اور خوبیوںسے امت کو درپیش لا تعداد مسائل و مشکلات کا قرآ ن و حدیث کی روشنی میں جامع، مدلل اور قابل قبول حل نکال کر ملت کی عظیم رہنمائی کا فریضہ انجام دیا ہے اور اس کے لئے ملت اسلامیہ حضرت امام اعظم ؒ کا مرہون منت ہے۔انہوں نے کہا کہ امام اعظم ابو حنیفہ نعمان ابن ثابت ؒ کو عالم اسلام میں جو اہمیت، مقام و منزلت اور امتیازی حیثیت حاصل ہے اسکا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ تمام دنیا کے دو تہائی سے بھی زیادہ مسلمان امامؒ اعظم کے فقہی مسلک کے متبع اور پیروکار ہیں اور جس کا ماخذ اور بنیاد قرآن کریم اور رسو ل اکرم ﷺکے ارشادات عالیہ ہیں۔ادھر سید الفقہا امام ابوحنیفہؒ کے یوم وصال کے موقعہ پر زعمائے انجمن حمایت الاسلام نے خراج عقیدت کے پیغام میں کہاکہ امام ابوحنیفہؒ نے قرآن ، سنت اور اجماع امت سامنے رکھ کر اہل اسلام کے حل طلب مسائل کو حل کرکے ایک علمی احسان فرمایا۔ حضرت امام ابو حنیفہ ؒ نے کبھی بھی اپنی خواہش پر کوئی فتوی صادر نہیں کیا بلکہ تقویٰ کے بنیاد پر اسلام کے اصل علمی مراکز سے استفادہ کرکے ملت اسلامیہ کی رہنمائی کی۔ ہمیشہ ظالم حکمرانوں کی تنقید کرتے ہوئے ان کا حاشیہ بردار نہ بن کر کبھی ایسا عہدہ کبھی قبول نہیں کیا جس سے اسلامی اصولوں پر آنچ آنے کا خطرہ تھا۔ اس کیلئے انہوںنے اپنی ذات پر مصیبتوں کا پہاڑ برداشت کرکے استقامت کاسبق علمائے اہل اسلام کو دے دیا۔ یہی وجہ ہے کہ آج پوری دنیا میں انہیں اسلامی فقہ کے موجدتسلیم کرکے غالب اکثریت ان ہی کے مسلک سے تعلق رکھتے ہیں۔ ہم پر ذمہ داری ہے کہ ہم ایسے ہی باجرات خطوط مستقیم پرکام کرتے ہوئے مسلمانوںکے درمیان اتحاد و اتفاق ، خدمت خلق کے راستوں پر گامزن رہیں۔ اس دوران امام ابوحنیفہ ؒکے یوم وصال پر خانقاہ حضرت ایشان شیخ یعقوب صرفی ؒ زینہ کدل میں صبح صادق ہی قرآن خوانی ،ختمات المعظمات ، درود ازکار اور مولود خوانی کی مجلس آراستہ ہوئی جس کی پیشوائی بقعہ عالیہ کے سجادہ نشین الحاج پیر بشیر احمد نوری نے کی جبکہ مولود خوانی کی پیشوائی الحاج میر بشارت قادری نے کی۔ مولانا شوکت حسین کینگ نے حضرت امام ابو حنیفہؒ کے اسلامی کارناموں اور خدمات پر روشنی ڈالی۔اس موقعے پر جمعیت کے جنرل سکریٹری پیرزادہ محمد اشرف عنایتی اور فاروق احمد گانی، سجادہ نشین دربارِ اکملیہ ڈاکٹر مقتدر کاملی اور صدرِ انتظامیہ کمیٹی الحاج معراج الدین گانی بھی تھے جبکہ تقریب کی صدارت محمد یاسین نوری نے انجام دی۔ میر واعظ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے کہاکہ حضرت امام اعظم ابو حنیفہ ؒ کے تاریخ ساز اسلامی کارناموں اور تعلیم تاریخ اسلام میں ایک سنہری باب ہے۔
امام ابو حنیفہؒ کو یوم وصال پر خراج عقیدت
