الیکشن کمیشن کا دورہ آج سے مجوزہ اسمبلی انتخابات پر حتمی مشاورت

  جموں کشمیر میں ہیلی کاپٹر اور ہیلی کاپٹر ایمبولینس سروس کیلئے بولیاں طلب
سرینگر//چیف الیکشن کمشنر راجیو کمارکی قیادت میں الیکشن کمیشن کی پوری ٹیم آج یعنی 8اگست صبح 10بجے سرینگرآمد ہوگی۔ٹیم آج دن بھر کی مصروفیات کے بعد جموں روانہ ہوگا۔یاد رہے سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو جموں وکشمیرمیں اسمبلی انتخابات 30ستمبر2024تک منعقد کرانے کی ہدایت دی ہے ۔ جموں وکشمیرمیں تقریباً10سال بعد ہونے والے اسمبلی انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ کی ہدایت کی روشنی میں حتمی فیصلہ لینے کیلئے آج سے مکمل الیکشن کمیشن کاجموں و کشمیر کا 2روزہ دورہ کررہاہے ۔

 

چیف الیکشن کمشنر راجیو کمارکی قیادت میں کمیشن کا وفد سری نگر پہنچ رہاہے ۔ تین رکنی وفد سرینگرمیںصبح11بجکر15منٹ سے تسلیم شدہ ریاستی اور قومی سیاسی جماعتوں سے ملاقات کرے گاجبکہ چنندہ صحافیوں اور سیول سوسائٹی کارکنوں کیساتھ بھی کمیشن کی ملاقات طے ہے ۔معلوم ہواکہ دوپہر 2بجے الیکشن کمیشن کے تینوں اعلیٰ ذمہ دار ڈپٹی کمشنروں اورایس ایس پیز کیساتھ میٹنگ کریں گے جبکہ شام7بجے،وہ چیف الیکٹورل آفیسر اورنوڈل آفیسروں کے ساتھ بھی میٹنگ کرنے والے ہیں ۔9جولائی2024 چیف الیکشن کمیشنکی ٹیم چیف سیکریٹری اورڈائریکٹر جنرل آف پولیس کیساتھ اہم میٹنگ کرے گی ،جس میں مجموعی امن وقانون کی صورتحال پرتبادلہ خیال ہوگا۔ ٹیم کے اراکین جمعہ کو جموں روانہ ہونگے،جہاںوہ قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کیساتھ ایک اہم میٹنگ کریں گے ۔وہ جموں میں پریس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔دریں اثناء چیف الیکٹورل آفیسر نے آئندہ اسمبلی انتخابات کیلئے ہیلی کاپٹر اور ہیلی کاپٹر ایمبولینس کرایہ پر لینے کے لیے بولی طلب کی ہے۔ سی ای او نے ستمبر سے نومبر تک ہیلی کاپٹر اور ہیلی کاپٹر ایمبولینس کی سپلائی کے لیے نامور کمپنیوں سے بولی طلب کرنیکا آغاز کیا ہے۔ دستاویز میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن ستمبر2024 سے نومبر2024 کے دوران 30 سے45 دنوں کے لیے ہیلی کاپٹر چاہتا ہے۔دستاویز میں یہ بھی کہاگیاہے کہ جموں و کشمیر میں قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے اصل شیڈول کے مطابق مدت اور دنوں کی تعداد کو تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ مدت اور دنوں کی تعداد اسی کے مطابق بتائی جائے گی۔دستاویزکے مطابق ہیلی کاپٹر کو جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے دوران انتخابی عہدیداروں، امیدواروں اور ضروری انتخابی سامان کی نقل و حمل کے لیے ضرورت کے مطابق استعمال کیا جائے گا۔ کسی ہنگامی صورت حال میں، سی ای او، جے اینڈ کے، کی ہدایت کے مطابق، فوری ردعمل اور انخلاء کے طریقہ کار کے لیے ہیلی کاپٹروں کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔