المناک ٹریفک حادثے: بٹہ مالو کا بینک ملازم اور ٹاکن واری کا شہری جاں بحق

سرینگر//بڈگام میں ایک المناک حادثے کے دوران بٹہ مالو کا رہنے والا ایک جواں سال بنک ملازم جاں بحق ہوگیا ۔ یہ دلدوز واقعہ منگل کی صبح پیش آیا جب جموں کشمیر بنک میں کام کررہا طارق احمد ڈار ولد عبدالرحیم ڈارساکن بونہ پورہ بٹہ مالو سرینگر اپنی ماروتی آلٹو کارزیر نمبرJK01L/1109 میںمعمول کے مطابق ڈیوٹی پر جارہا تھا۔طارق احمد جموں کشمیر بنک خانصاحب میں تعینات تھا اورپولیس کے مطابق اِچھ گام کے نزدیک پہنچتے ہی اس کی کارایک مسافر گاڑی کے ساتھ ٹکراگئی اور وہ بری طرح سے مضروب ہوا۔مقامی لوگوں نے اسے خون میں لت پت اور شدید زخمی حالت میں ضلع اسپتال بڈگام منتقل کرنے کی کوشش کی لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ بیٹھا۔بعد میں پولیس کی ایک ٹیم بھی جائے واردات پر پہنچی اور معاملے کی نسبت کارروائی شروع کی۔طارق احمد دوکمسن بچوں کا باپ تھا اور جب اس کی میت اس کے گھر پہنچائی گئی تو علاقے میں صف ماتم بچھ گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ اس ضمن کیس درج کرلیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہے۔ ادھرڈار محلہ پتی شالہ بگ گاندربل میں موٹر سائیکل زیر نمبر JKOIV_6473 کی ٹکر مخالف سمت سے چل رہے ٹپر زیر نمبر JK18_9943 کے ساتھ ہوئی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار45 سالہ غلام محمد میر ولد ثناء اللہ ساکنہ بنگلہ دیش کالونی ٹاکن واری سرینگر شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر میڈیکل انسٹیچوٹ صورہ منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔اس کی لاش جب گھر لائی گئی تو وہاں کہرام مچ گیا۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے ٹپر ڈرائیور شہنواز احمد شیخ ولد عبدل احد ساکنہ وتہ لار گاندربل کی گرفتاری عمل میں لاتے ہوئے ٹپر ضبط کیا۔