الطاف بخاری کے ہاتھوں جواہر نگر میں آرگنک فوڈ سٹور کا افتتاح

سرینگر// خزانہ، محنت اور روزگار کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے کل جواہر نگر میں ایک آرگینک فوڈ سٹور کا افتتاح کیا۔ خزانہ کے پرنسپل سیکرٹری نوین کمار چودھری، کمشنر سیکرٹری ایگریکلچر ایم ڈی خان، چیئرمین جے کے بینک پرویز احمد، آرگینک فوڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر روہت گپتا بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔وزیر نے نجی فرم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ فرم وادی میں لوگوں کو آرگینک وادی فوڈ فراہم کرنے میں پہل کرے گی۔انہوں نے کہا کہ اشیائے خوردنی میں مختلف کھادوں کے استعمال کی جگہ آرگینک فوڈ کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس روایت کو پرانے زمانے کی طرح مقامی بازاروں میں دہرایا جائے گا۔انہوں نے کسانوں پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ آرگینک اشیاء کی پیداوار اپنے کھیتوں پر کریںاور اس سلسلے میں حکومت بھی ان کا حوصلہ بڑھانے کے لئے تیار ہے۔خزانہ کے پرنسپل سیکرٹری نوین کمار چودھری نے نجی فرموں کے ذریعے آرگینک فوڈ کو فروغ دینے کی ستائش دی۔چیئرمین جے کے بینک نے اپنے خطاب میں آرگینک فوڈ کی اہمیت اُجاگرکی اور نجی فرموں کی اس سلسلے میں ستائش کی کہ وہ لوگوں کی صحت محفوظ رکھنے کے سلسلے میں اہم اقدامات کر رہے ہیں۔