سرینگر//خزانہ اور محنت و روز گار کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے زیرو برج۔ آئی جی روڈ براستہ کُرسو راج باغ بنڈ کو وسعت دینے کے سلسلے میں جاری ترقیاتی کام کا جائزہ لیا جو سی آر ایف سکیم کے تحت محکمہ تعمیرات عامہ انجام دے رہا ہے۔پروجیکٹ پر کُل28.79 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی اور2019 سے قبل اس کے مکمل ہونے کی اُمید ہے۔ وزیر نے اپنا دورہ شیخ محلہ کُرسو راج باغ سے شروع کر کے عبداللہ برج پر اختتام کیا۔وزیر کے ہمراہ چیف انجنئیر پی ڈبلیو، کمشنر ایس ایم سی، ڈائریکٹر محکمہ خوراک کشمیر، وی سی ایس ڈی اے، ڈائریکٹر پھولبانی کشمیر، چیف انجنئیر صحت عامہ، چیف انجنیئر آبپاشی و فلڈ کنٹرول، اے ڈی سی سرینگر، اے سی آر سرینگر، بجلی، صحت عامہ، اری گیشن و فلڈ کنٹرول، سکولی تعلیم ، صحت وپولیس محکموں کے اعلیٰ افسران تھے۔محکمہ تعمیرات عامہ اور اری گیشن و فلڈ کنٹرول کے اب تک کے کئے گئے کام کی سراہنا کرتے ہوئے وزیر نے اس پروجیکٹ کی افادیت پرروشنی ڈالی اور کہا کہ یہ سڑک شہر کے اہم علاقوں کو آئی جی روڈ کے ساتھ جوڑے گی۔اس کے علاوہ اس علاقہ میں ٹریفک کی نقل وحرکت میں بہتری آئے گی۔وزیر نے اُن تمام کنبوں سے ملاقات کی جو اس سڑک کی کشادگی سے متاثر ہورہے ہیںاور اُن کی مشکلات بغور سُنیں۔ انہوں نے متاثرہ دکانداروں کے مسائل سے سُنے جنہوں نے وزیر سے اپیل کی کہ حکومت ان کے روز گار کے تحفظ اور انہیں معاوضہ فراہم کرنے کے اقدامات کرے۔اس موقعہ پر الطاف بخاری نے وائس چیئرمین ایس ڈی اے کو چیف انجنیئر پی ڈبلیو ڈی اور دیگر ریونیو افسران کے ساتھ میٹنگ منعقد کرنے کی ہدایت دی تا کہ متاثرین کی باز آباد کاری کے اقدامات کئے جاسکیں۔ انہوں نے لوگوں کو یقین دلایا کہ وہ بازآباد ری منصوبے کو وزیر اعلیٰ کے ساتھ اُٹھائیں گے۔بخاری نے اس موقعہ پر اُن تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اپنے رہایشی مکان اور دکانیں سڑک کی کشادگی کے لئے وقف کیں۔انہوں نے چونکہ ان لوگوں نے حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون دیا ہے اس لئے یہ حکومت کا فرض ہے کہ اُن کی باز آباد کاری کا پیکج تشکیل دی جائے ۔بخاری نے آبپاشی و فلڈ کنٹرول محکمہ سے کہا کہ وہ دریائے جہلم کے کناروں پر بیرئیر تعمیر کریں۔بعد میں وزیر موصوف نے محکمہ پھولبانی کی جانب سے پُرانے زیرو برج کے ساتھ ایک پبلک پارک کا معائنہ کیا جسے محکمہ لوگوں کی سیر و تفریح کے لئے ترقی دے رہا ہے۔انہوں جنے پی ڈبلیو ڈی کے افسروں سے کہا کہ وہ پارک کے ساتھ ایک کثیر سہولیات والے مرکز کو تعمیر کرنے کا کام شروع کریں جس کے لئے محکمہ مال نے پہلے ہی اراضی کی نشاندہی کی ہے۔دورے کے دوران وزیر سے کئی عوامی وفود ملاقی ہوئے اور انہیں اپنے درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیر نے اپنے ہمراہ سیکٹورل افسروں کو ہدایت دی کہ وہ معیاد بند طریقے سے لوگوں کی شکایات دُور کریں۔
الطاف بخاری نے کُرسو راج باغ کا دورہ کیا
