الحاق شرائط کی بنیاد پر ہوا ،بھاجپا خود کو ریاست کا مالک نہ سمجھے:محبوبہ

 بارہمولہ//پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ ریاست کسی کی جاگیرنہیں ہے، وزیراعظم ہند، بھاجپا صدریاجنرل سیکریٹری ریاست کے مالک نہیں ہیں بلکہ بھارت کیساتھ الحاق شرائط کی بنیاد پرہوا ہے۔ محبوبہ مفتی نے سنیچر کو ٹنگمرگ بارہمولہ میں چناوی جلسہ اور نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو یہ حق نہیں کہ کشمیریوں پر قدغن لگائے کہ وہ کب کس شاہراہ کا استعمال کرے۔انہوں نے کہا کہ امت شاہ کہہ رہے ہیں کہ افسپا پر ہمارا جھگڑا ہوگیا جبکہ رام مادھو کچھ اورکہتے ہیں ،اب وزیر عظم کچھ اور کہہ رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ایجنڈا آف الائنس اتحاد کی بنیاد تھی۔انکا کہنا تھا ’’میں نے اُن پر زور دیا تھا کہ 370 کے ساتھ چھڑ چھاڑ نہیں ہونا چاہئے، افسپا ہٹایا جائے ،سیز فائر کو آگے بڑھنا چاہئے،یہ تمام مدعے ہیں جس پر ہمار آپس میں جھگڑا ہوگیا ،جبکہ میں نے رسانہ کیس کو آگے بڑھایااس کے علاوہ میں نے اُن سے کہا تھا کہ 1200 نوجوانوں کے کیسوں کو واپس لیا جائے گا ،جماعت اسلامی پر میں نے کارروائی نہیںکی جس کے بعد سرکار گر گئی ۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ گٹھ جوڑ ریاست کے مفاد کی خاطر عمل میں لایا تھا تا ہم جب بھارتیہ جنتا پارٹی نے ایجنڈا آف الائنس پرمن و عن عمل کرنے میں رضا مندی ظاہرنہیں کی تو اختلافا ت کی خلیج پیدا ہوگئی ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور بھاجپا صدر، ریاست جموں کشمیرکے بارے میں ایک بیان دیتے ہیں اور پارٹی جنرل سیکریٹری ایک الگ آواز میں بات کرتے ہیں ،جب بھارتیہ جنتا پارٹی  کے لیڈروں کے بیان میں تضاد ہے تو ملک کے عوام یہ سوچنے پرمجبور ہونگے کہ صحیح کون ہے اور غلط کون ۔محبوبہ مفتی نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سماج کو تقسیم کرنے والوں کی سیاست سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔  انہوںنے کہاکہ ایسے لیڈران مذہب کے نام پر سیاست کر رہے ہیں جو ناقابل برداشت ہے۔