بھلیس//خطہ چناب کے عوام نے معروف مذہبی اسکالراور سماجی شخصیت مرحوم الحاج غلام قادر غنی پوری کی حیات وخدمات پرایک روزہ سیمینارمیں انہیں یادکیا۔یہ سیمینارڈاک بنگلو جکیاس ،گندو ، سب ڈویژن ڈوڈہ میں منعقد ہوا۔اس ایک روزہ طویل سیمینار میں مدرسہ غنیۃ العلوم اخیار پوربھلیسہ کے طلبانے تلاوت ِ قرآن پاک کاشرف حاصل کیااور مرحول کی مغفرت اور درجات کوبلندکرنے کیلئے بارگاہ الٰہی میں دعاکی۔مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطاکرنے کیلئے دعاکی گئی۔تقریب مدرسہ غیۃ العلوم اخیار پور کے سرپرست برہان الحق کی سرپرستی میں منعقد ہوا جس کی صدارت الحاج غلام نبی صدیقی (بھدرواہی)اور الحاج غل محمد میرنے کی۔اس موقعہ پرمتعدد مقررین نے مرحوم الحاج غلام قادرغنی پوری کی حیات وخدمات پہ روشنی ڈالی۔اُن کی سماجی ومذہبی زندگی اورخدمات کوناقابل فراموش قرار دیا۔اس موقع پرمرحوم کی حیات وخدمات پرایک کتاب کی رسم اجراء بھی ہوئی۔اس موقع پراپنی تقریرمیں سابق وزیرغلام محمد سروڑی نے مدرسہ غنیۃ العلوم اخیار پور کے بانی مرحوم الحاج غلام قادر غنی پوری کی خدمات پرروشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ مرحوم نے اسلامی تعلیمات اس دشوار گزار خطے میں پہنچانے، تبلیغ وتعلیم میں جو کردار اداکیاوہ ملت پرایک بڑااحسان ہے۔اُنہوں نے کہاکہ اُن کی رحلت سے نہ صرف اُن کے کنبے کونقصان ہوایادُکھ ہوابلکہ پورے خطہ چناب کیلئے اُن کاجُداہوجاناایک بڑاصدمہ اور نقصان ہے۔اُنہوں نے مرحوم کو ایک روحانی شخصیت کے مالک قرار دیا۔اُنہوں نے کہاکہ حاجی غلام قادر نے اللہ تعالیٰ کے تصوف اور عقیدت میں بڑاشرف حاصل کرلیاتھا۔اُنہوں نے مرحوم غنی پوری کی رحلت کو اُمت مسلمہ کیلئے ایک بڑانقصان قرار دیا۔اُنہوں نے مرحوم کو بیش بہا صفات کامالک قرار دیتے ہوئے کہاکہ وہ ایک منفرد شخصیت کے مالک تھے جن کی خوبیاں گنتی کی نہیں جاسکتی۔اُنہوں نے مرحوم کی خدمات اورمِشن کو آگے بڑھانے کیلئے مدرسہ منتظمین کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہاکہ مدرسہ بہترین دینی خدمات دے رہاہے اور اس دورافتادہ خطے میں علم کی شمع جلائے ہوئے ہے۔اُنہوں نے کہاکہ مرحوم انسانیت کاپیغام، امن کاپیغام اور اسلامی تعلیمات کوپھیلانے میں اہم کردار اداکرتے رھے اور سنتِ نبویؐ پرعمل پیراہوتے ہوئے اوروں کو بھی اس حقیقی راستے پرگامزن کیا۔