التواء میں پڑے پروجیکٹوں کی تکمیل

سرینگر//منصوبہ بندی و خزانہ کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل کی صدارت میں یہاں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ریاست میں التواء میں پڑے ترقیاتی پروجیکٹوں کا جائیزہ لیا گیا۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری تعمیرات عامہ خورشید احمد شاہ، کمشنر سیکرٹری اعلیٰ تعلیم سریتا چوہان، سیکرٹری صحت عامہ فاروق احمد شاہ اور سیکرٹری امور نوجوان و کھیل کود سرمد حفیظ کے علاوہ دیگر کئی افسران موجود تھے۔میٹنگ میں رقومات کی عدم دستیابی کے نتیجہ میں التواء میں پڑے پروجیکٹوں کی تکمیل کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اس موقعہ پر روہت کنسل نے کہا کہ حکومت نے جے کے انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ فائنانس کارپوریشن کو50 لاکھ روپے کے کیپٹل سے قائم کرنے کو منظوری دی ہے تا کہ مالی اداروں سے قرضہ حاصل کیا جاسکے جو التواء میں پڑے پروجیکٹوں کی تکمیل میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے اُن محکموں، جن کی وساطت سے عملائے جارہے ترقیاتی پروجیکٹ رقومات کی عدم دستیابی کے نتیجہ میں التواء میں پڑے ہیں، کے انتظامی سیکرٹریوں کو ہدایت دی کہ وہ ان معاملات کے تعلق سے ڈی پی آر تیار کریں تا کہ پروجیکٹوں کی تکمیل میں مزید تاخیر کو کم کیا جاسکے۔پرنسپل سیکرٹری نے التواء میں پڑے تمام پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کی ہدایت دی تا کہ ان پروجیکٹوں کے مالی  اخراجات تخمینہ سے تجاوز نہ کریں۔