اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان برداشت کو فروغ دے کر فرقہ وارانہ نفرت کے خاتمے اور مقدس مقامات کے تحفظ کی ایک قرارداد متفقہ طور پر منظور کی ہے۔جمعرات کو ’مقامات مقدسہ کے تحفظ کے لیے امن و برداشت کے کلچر کا فروغ‘ کے عنوان سے قرارداد سعودی عرب نے جنرل اسمبلی کے پچاسویں اجلاس میں پیش کی تھی۔سعودی عرب کی اس قرارداد پر اس کے ساتھ مراکش، مصر، عراق، کویت، بحرین، عمان، متحدہ عرب امارات یمن، سوڈان اور پاکستان بھی شامل تھے۔یہ قرارداد اقوام متحدہ کی ان بنیادوں کے مطابق ہے جن میں عالمی انسانی حقوق، خاص طور پر مذہب و اظہار اور ہر قسم کی نسلی و مذہبی منافرت کے خاتمے کا کہا گیا ہے۔قرارداد میں رکن ملکوں سے کہا گہا ہے کہ وہ نفرت انگیز تقاریر، تشدد پر ابھارنے، مذہب و عقیدے کی بنیاد پر مخصوص شکل پیش کرنے اور عدم برداشت و مقامات مقدسہ کو نقصان پہنچانے کو روکنے کے لیے اقدامات کریں۔مانیٹرنگ کے مطابق یہ قرارداد ایک ایسے وقت منظور کی گئی ہے جب مذہبی مقامات و عبادت گاہوں سمیت کلچرل سائٹس کو دہشت گرد حملوں سے نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے مستقل مندوب عبداللہ المعلمی نے جنرل اسمبلی کو بتایا کہ اس قرارداد کا مقصد امن کے کلچر کو فروغ دینا ہے جو ہر قسم کی شدت پسندی کے خلاف ڈھال ہوگا اور اس کے ذریعے مقامات مقدسہ کو پرتشدد کارروائیوں اور نفرت کا نشانہ بنانے سے محفوظ رکھا جا سکے گا۔المعلمی نے کہا کہ ریاست کا یہ بنیادی کردار ہے کہ وہ انسانی حقوق کا تحفظ کرے اور اس میں سب سے اہم یہ ہے کہ اقلیت کو یہ حق دیا جائے۔
اقوامِ متحدہ میں مقدس مقامات کے تحفظ کی قرارداد منظور
