اقتدار کیلئے اصولوں سے سمجھوتہ نہیں : میر

 سری نگر//ریاستی کانگریس صدرکے عہدے پربرقراررہنے کے بعدجی اے میرنے واضح کیاکہ اُنکی جماعت اقتدارکیلئے اصولوں پرکبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔پردیش کانگریس صدرنے جموں وکشمیرکی موجودہ دگرگوں صورتحال کیلئے مخلوط سرکارکوذمہ دارٹھہراتے ہوئے کہاکہ پی ڈی پی اوربی جے پی نے ریاستی عوام کاصرف استحصال کیاہے۔ ضلع کانگریس کمیٹی اننت ناگ کے زیراہتمام ایک سیاسی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے جی اے میرنے واضح کیاکہ کانگریس فرقہ پرستوں اورسماج کوتقسیم کرنے والی قوتوں کامقابلہ کرنے کی اہل ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک کومذاہب اورعلاقوں کے نام پرجوقوتیں تقسیم کرناچاہتی ہیں ،اُن فرقہ پرست قوتوں کوکانگریس شکست دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے کیونکہ ملک کے امن وانسانیت پسندلوگ کبھی ایسی قوتوں کاساتھ نہیں دیں گے ۔انہوںنے کہاکہ کانگریس عوامی طاقت پریقین رکھتی ہے کیونکہ عوامی طاقت اوراتحادہی ملک کی سا  لمیت اورسلامتی ویکجہتی کی ایک بڑی ضمانت ہے ۔جی اے میرکامزیدکہناتھاکہ اچھے دنوں اورترقی کی باتیں کرنے والوں نے نہ صرف جموں وکشمیربلکہ پورے ملک کے لوگوں کوآج تک صرف دھوکہ دیکرمسائل ومشکلات میں مبتلاء کررکھاہے ۔انہوں نے کہاکہ اب وقت آچکاہے کہ ایسی قوتوں کوجواب دیاجائے ۔پردیش کانگریس صدرنے جموں وکشمیرکی موجودہ دگرگوں صورتحال کیلئے مخلوط سرکارکوذمہ دارٹھہراتے ہوئے کہاکہ پی ڈی پی اوربی جے پی نے ریاستی عوام کاصرف استحصال کیاہے۔انہوں نے کہاکہ  حکمران اتحادمیں شامل جماعتوں کے قول وفعل میں تضادہے اورانکے سیاسی ایجنڈے بھی ایکدوسرے سے متصادم ہیں لیکن اقتدارکی خاطردونوں جماعتیں کرسی کیساتھ چمٹی ہوئی ہیں ۔اس موقعہ پرممبراسمبلی شانگس گلزاراحمد،غلام محمدمیراوردیگرذمہ داروں نے بھی خیالات کااظہارکیا۔