بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سب ضلع سرنکوٹ کے وارڈ نمبر 12 اقبال نگر میں مکینوں نے محکمہ جل شکتی اور محکمہ پی ڈی ڈی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ وارڈ میں عرصہ چار سال سے پانی کی قلت ہے، مکین نجی گاڑیوں سے پانی خرید کر گذارا کرتے ہیں ،یہی نہیں وارڈ نمبر بارہ میں کافی عرصہ سے بجلی نظام بھی مفلوج ہے جس کی وجہ سے مکینوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مقامی مکینوں نے بتایا کہ بجلی کی حالت اس قدر خستہ ہے کہ سٹیپلائزر استعمال کرنے کے باوجود بھی وولٹیج سو سے کم رہتی ہے، رات بھر انتظار کرنا پڑتا ہے تب جا کر رات کے دو یا تین بجے موٹر سے چھت پر پانی چڑھانا پڑتا ہے۔مکینوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ مشکلات کے بارے میں کئی مرتبہ متعلقہ حکام کو آگاہ کیا گیا لیکن اس کے باوجود بھی زمینی سطح پر کوئی کام نہیں کیا گیا جس کا انہیں افسوس ہے۔ مکینوں سے جب پوچھا گیا کہ محکمہ جل شکتی کی طرف سے بتایا جاتا ہے کہ کئی لوگوں نے جی آر نہیں کٹوائی اور پانی کا غیر قانونی طور پر استعمال کرتے ہیں تو مکینوں نے بتایا کہ سب لوگوں کی جی آر کٹی ہے کوئی بھی غیر قانونی نہیں ہے لیکن محکمہ جل شکتی اور محکمہ پی ڈی ڈی کرایے کے بل تو وصول کرتے ہیں لیکن عوام کو بجلی اور پانی کی سپلائی فراہم نہیں کی جاتی ۔اس سلسلے میںمتعلقہ محکمہ کے دونوں ایگزیکٹیوانجینئروں سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ امتحان ڈیوٹی میں مصروف تھے۔