اقبال نگر۔ پوٹھہ بائی پاس سڑک کا حال بے حال

سرنکوٹ// سرنکوٹ اقبال نگر تا پوٹھہ بائی پاس جانے والی ایک کلو میٹر محکمہ گریف کی سڑک کا حال بے حال ہے۔سڑک بازار سے شروع ہوکر پوٹھہ بائی پاس تک جاتی ہے۔ محکمہ گریف کی ناقص کارگردگی کی وجہ سے سڑک کا ایک کلو میٹر حصہ نہایت ہی خستہ حال ہو گیا ہے جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹروں کیساتھ ساتھ مکینوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ عرصہ سڑک خستہ حال ہے لیکن تعمیر اتی ایجنسی اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے اس کی بہتری کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ شکایت کرنے پر محکمہ کی جانب سے کھڈوں میں پتھر ڈال دئیے جاتے ہیں لیکن ان کا کوئی مستقل حل نہیں نکالا گیا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ خستہ حال سڑک کی جلدازجلد مرمت کروائی جائے تاکہ عام لوگوں کو درپیش مشکلات کم ہو سکیں ۔